کراچی (رپورٹنگ آن لائن)عالمی بینک اور چین کی جانب سے قرض کی فراہمی کے بعد پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر پونے پانچ سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔اعلامیے کے مطابق عالمی بینک نے 44 کروڑ ڈالر اور چین نے ایک ارب ڈالر کی فراہمی پاکستان کو کر دی ہے جس کے بعد پاکستان کے زرِمبادلہ کے ذخائر 24 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئے ہیں جو کہ پچھلے پونے پانچ سال کی بلند ترین سطح ہے۔اس سے پہلے اکتوبر 2016 میں زرِمبادلہ کے ذخائر کی سطح 24 ارب 46 کروڑ ڈالر تھی۔پاکستان کو عالمی بینک اور چین سے قرض کی فراہمی کے بعد مجموعی ڈالرز کے ذخائر کا حجم 24 ارب 48 کروڑ 49 لاکھ ڈالر ہوگیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے پاس 17 اب 23 کروڑ ڈالر اور بینکوں کے پاس 7 ارب 18 کروڑ ڈالرز ڈپازٹس ہیں۔واضح رہے کچھ روز قبل عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کو دو پراگراموں کے لیے 80 کروڑ ڈالر کا قرض فراہم کیا گیا تھا۔اعلامیے کے مطابق پہلے پروگرام کے لیے 40 کروڑ ڈالر جو کہ پاکستان میں سستی بجلی پیدا کرنے اور اس کے ترسیلی نظام میں بہتری کے لیے مختص کیے گئے تھے۔دوسرے پروگرام کے لیے بھی 40 کروڑ مختص کیے گئے تھے جس کے ذریعے تعلیم وصحت سمیت ملک میں غربت میں کمی لانے کے منصوبوں پر کام کیا جانا تھا۔