اسلام آ باد(رپورٹنگ آن لائن ) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی امور ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے والوںکو دنیا نے بے نقاب کردیا ، نیشنل سیکورٹی ڈویژن کا کام ملٹری اور سول قیادت کے درمیان رابطے بڑھا نا ہے ، کہیں فقدان آتا ہے تو نیشنل سیکورٹی ڈویژن کی ناکامی و نااہلی تصور ہوگا۔
جمعرات کو وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی امور ڈاکٹر معید یوسف نے اسلام آباد میں نیشنل سکیورٹی ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں معاشی ترقی کے لئے ہمیں دیگر ممالک کے ساتھ سفارتکاری کے معاملے پر تبدیلی لانے اور آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔
ہمیں ڈائیلاگ کو اہمیت دینی ہوگی اور ملک میں معاشی بحالی‘ سماجی ترقی اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں کام کرنے کے لئے ایک ساتھ چلنا ہے۔ تحریک انصاف حکومت اقتصادی شعبے کے حوالے سے پالیسی پر بھی کام کررہی ہے ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے والوںکو دنیا نے بے نقاب کردیا ہے اب پاکستان میں بھی یہ بحث ختم ہوجانی چاہئے کہ ملٹری او رسول قیادت ایک پیج پر ہیں کہ نہیں کیونکہ ہمیں ملک کی بہتری کے لئے ا یک ہی پیج پر رہنا ہے۔ نیشنل سیکورٹی ڈویژن کا کام ہی یہ ہے کہ ملٹری اور سول قیادت کے درمیان رابطے بڑھائے اور کہیں فقدان آتا ہے تو نیشنل سیکورٹی ڈویژن کی ناکامی و نااہلی تصور ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل سیکورٹی ڈویژن مجھے ملی ہے اور میرا کام ہے کہ ملک میں جس تبدیلی کی بات کرتے ہیں اس پر سب مل کر کام کریں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز پورٹل کا افتتاح کیا ہے جس میں تمام تھنک ٹینکس کی آراءکو شامل کیا جائے گا اور ان میں سے کارآمد تجاویز پر عمل درآمد کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ مشیر قومی سلامتی امور نے بتایا کہ اب ہم سب کو پاکستان کی بات کرنی ہے اور یہ دیکھنا ہے کہ دنیا میں پاکستان کہاں ہے دنیا پاکستان کو کیسا دیکھتی ہے اور ہم پاکستان کو دنیا میں کیسا دیکھانا چاہتے ہیں۔ پاکستان کے مسائل اور اس کی ترجیحات سے بھی دنیا کو آگاہ کرنا اب ہمارا مقصد ہے۔ نیشنل سکیورٹی ڈائیلاگ کا انعقاد دنیا کو پاکستان کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔