خواجہ آصف

پاکستان کے ایٹمی اثاثے کسی جارحیت یا جارحانہ عزائم کیلئے نہیں ہیں’ خواجہ آصف

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کو امریکہ کے بھارت کے ساتھ شراکت داری کو فروغ دینے سے کوئی مسئلہ نہیں ہے بشرطیکہ یہ پاکستان کی قیمت پر نہ ہو۔سرکاری ریڈیو کے مطابق امریکی جریدے کو دئیے گئے انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کا استحکام یقینی بنانے کے لئے نمایاں بہتری کی ضرورت ہے اور اس بہتری کا واحد حل امریکہ،چین اور ان دوسری عالمی طاقتوں کے درمیان بڑھتے ہوئے مشکل جغرافیائی و سیاسی توازن کو برقراررکھنے میں مضمر ہے جن کے ساتھ پاکستان بھی اچھے تعلقات کاخواہشمند ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان تمام ملکوں کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتاہے ،ہم امن سے رہنا چاہتے ہیں اور امن نہ ہونے کی صورت میں ہم اپنی معیشت کو اس طرح بحال کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے جیسے ہم چاہتے ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کے ایٹمی اثاثے کسی قسم کی جارحیت یاجارحانہ عزائم کے لئے نہیں ہیں۔