عطا تارڑ

پاکستان کی معیشت کی بحالی آئی ٹی کے ساتھ جڑی ہوئی ہے، خارجہ پالیسی مزید بہتر ہورہی ہے، عطا تارڑ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن )وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کی بحالی آئی ٹی کے ساتھ جڑی ہوئی ہے، ہماری خارجہ پالیسی مزید بہتر ہورہی ہے اور پاکستان کو حال ہی میں سلامتی کونسل کی دوبارہ رکنیت ملی، ہم ایک ذمہ دار ملک ہیں،ہم جنگ نہیں امن چاہتے ہیں، ہمارا ملک 90فیصد آلودگی سے متاثر ہوا ہے۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر اطلاعا ت نے منگل کو قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کی رپورٹ کے اجراءکے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے، ہمارے پاس وہ ہے جو بہت سے ممالک کے پاس نہیں ہے، ہمارے پاس 66 فیصد نوجوان ہیں، پاکستان آئی ٹی کے شعبے میں بہت بڑی مارکیٹ ہے، جب کہ حکومت نے فنی تربیت پر توجہ مرکوز کررکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم جنگ نہیں امن چاہتے ہیں، ہم اپنے ہمسایوں سے بہترین تعلقات چاہتے ہیں، مشرق وسطی پاکستان کو اتحادی سمجھتا ہے، ایرانی صدرکا دورہ پاکستان انتہائی کامیاب رہا تھا، ہم ایران کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں، سعودی اعلی سطح وفد نے بھی پاکستان کا دورہ کیا جو ہمارے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے ، سعودی عرب نے بھی پاکستان کو تجارت کے فروغ کیلئے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی ہے ۔

عطا تارڑ نے کہا کہ ملک میں معاشی استحکام آرہا ہے، پاکستان کی معیشت کی بحالی آئی ٹی کے ساتھ جڑی ہوئی ہے۔ 2014 میں سی پیک جب شروع ہوا تو 64 ارب روپے کی سرمایہ کی بات ہوئی جس کے بعد ہم نے دیکھا کہ اس پروگرام میں اتار چڑھا آئے لیکن اس بار ہم نئے عزم کے ساتھ دوبارہ چین گئے۔انہوں نے کہا کہ ہم سی پیک فیز ٹو لانچ کرنے کے لیے چین گئے، وزیراعظم نے چین جانے سے پہلے بھی یہی پالیسی بیان دیا، جب کہ چین آئی ٹی کی فیلڈ میں پاکستان کی طرف دیکھ رہا ہے کیوں کہ پاکستان ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دورہ چین میں ہم ہواوے کمپنی کے پاس بھی گئے، اور انہوں نے ہمیں ایک پیشکش دی، وہ ایک سال میں 2 لاکھ آئی ٹی پروفیشنلز کو مفت ٹریننگ دیں گے، جس سے مستقبل میں پاکستان کو فائدہ حاصل ہوگا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے فنی تعلیم پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے، ہماری آئی ٹی ایکسپورٹ بڑھ رہی ہے،چین میں دو لاکھ طلبہ کو آئی ٹی کی تعلیم دلوانا ہماری بہت بڑی کامیابی ہوگی، چین کی نجی ٹیلی کام کمپنی ہمارے لاکھوں طلبہ کو آئی ٹی کی جدید تعلیم کی سہولت فراہم کرے گی، چین پاکستان کے طلبہ کو زرعی شعبہ میں جدید تعلیم فراہم کرے گا۔