عطا تارڑ

پاکستان کی معیشت بہتر کرنے میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا بھرپور کردار ہے، عطا اللہ تارڑ

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عوامی حمایت سے مشکل اور درست فیصلے کئے، وزیر اعظم نے سیاست نہیں ریاست کو بچایا ہے

پاکستان کی معیشت بہتر کرنے میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا بھرپور کردار ہے۔وفاقی وزیرعطا تارڑ نے اپنے حلقہ این اے127 میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم شہبا شریف نے باگ ڈور سنبھالی تو حالات اچھے نہیں تھے، دشمن انتظار میں بیٹھا تھا کہ ملک کب ڈیفالٹ کرے لیکن شہباز شریف نے سیاست نہیں ریاست کو بچایا۔

وزیراعظم ایک ایک دن کو عوام کی امانت سمجھ کر گزارتے ہیں، وزیراعظم نے وعدہ کیا تھا کہ بجلی بلوں میں ریلیف دیں گے، آج وہ وعدہ پورا ہو چکا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی ایک سال میں سنگل ڈیجٹ پر آگئی، یہ سب ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، صنعتیں چلیں گی تو بیروزگاری کم ہوگی، اس ملک کو عظیم بنانے کیلئے سب مل کر آگے بڑھ کر کام کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں ملک کی خدمت کا بیڑا ٹھایا، آپ کے حقوق کیلیے شہباز شریف کو لڑتے دیکھا ہے، وزیر اعظم نے بجلی سستی کرنے کا وعدہ پورا کیا لیکن کچھ عناصر نے آئی ایم ایف کو خطوط لکھے۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ دنیا کے مالیاتی ادارے پاکستان کی تعریف کر رہے ہیں، مخالفین نے ریاست کے بجائے سیاست کو ترجیح دی، منشور میں وعدہ کیا تھا مہنگائی کو سنگل ڈیجٹ میں لائیں گے۔

فروری میں عطا تارڑ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ برطانیہ میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا پرتپاک استقبال پی ٹی آئی سے ہضم نہیں ہو رہا، اس ٹولے نے ملک میں نفرت پھیلائی اور شہدا کی توہین کی، پاکستان اس وقت ترقی کی نئی منازل طے کر رہا ہے لیکن پی ٹی آئی نے دشمنوں کے ایجنڈے پر چل کر ملک کو نقصان پہنچایا۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا تھا کہ عمران خان اپنی تقریروں میں دہشتگردوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں، آج جو دہشتگردی کے واقعات ہو رہے ہیں اس کے ذمہ دار سابق وزیر اعظم ہیں کیونکہ انہوں نے دہشتگردوں کو حوصلہ دیا اور ان کو واپس لے کر آئے، عمران خان پاکستان کے دشمنوں کے ایجنڈے پر چلتے ہیں۔دنیا بھر میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف ہوتی ہے، آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا برطانیہ میں پرتپاک استقبال اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ سپہ سالار کو جس طرح برطانیہ میں عزت دی گئی اور پرتپاک استقبال کیا گیا یہ عمران خان اور پی ٹی آئی والوں سے ہضم نہیں ہو رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں رویل ملٹری بینڈ نے پاکستان کا قومی ترانہ بجایا لیکن ملک کی دنیا میں عزت پی ٹی آئی والوں کو پریشان کرتی ہے، آئی ایم ایف کو خطوط لکھنا ملک دشمنی کے مترادف ہے۔ آنے والے دنوں میں مزید خوشخبریاں آئیں گی، ایک ایسا پاکستان بنائیں گے جس کا خواب ہمارے بزرگوں نے دیکھا تھا۔