اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن ) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان واضح برتری سے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں دوبارہ منتخب ہوا، عالمی سطح پر اہم کامیابی پر قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ نے یواین انسانی حقوق کونسل انتخابات میں پاکستان کی نمایاں کامیابی پر بیان جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو سفارتی محاذ پر نمایاں کامیابی ملی ہے، پاکستان واضح برتری سے انسانی حقوق کونسل میں دوبارہ منتخب ہوا، 191میں سے پاکستان کو 169ووٹ ملے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عالمی سطح پر اہم کامیابی پر قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، یواین انسانی حقوق کونسل کے انتخابات میں ہر ریجن سے پاکستان کوحمایت ملی، بااثر اور بڑے ممالک نے بھی پاکستان کا ساتھ دیا۔
شاہ محمود نے بتایا کہ ترقی پذیرممالک نے بھی پاکستان کو ووٹ دیا ہے، ساتھ دینے پر سب ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہوں، یہ ووٹ ہماری 3سالہ کارکردگی کو بھی نمایاں کرتا ہے، آج پاکستان کے کردار کو دنیا قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کےکریڈینشل میں ایک اچھا اضافہ ہوا ہے، مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بڑھ گئی ہیں، ایسے میں پاکستان کا اس ادارے کا حصہ ہونا اہم کامیابی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات میں حمایت کے لیے وزیراعظم نے مختلف سربراہان کو خطوط لکھے، بطور وزیر خارجہ کئی ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطے کیے، میں یو این ڈویژن اور جنیوا کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔