مسرت جمشید چیمہ

پاکستان کی سیاست آج بھی عمران خان کے گرد گھومتی ہے’ مسرت جمشید چیمہ

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ عمران خان آئین و قانون کی بالا دستی اور ملک و قوم کے روشن مستقبل کیلئے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں .

عمران خان اور بشری بی بی کی قربانی کو سیاسی تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا ،بغلیں بجانے والے بہت جلد منہ چھپاتے نظر آئیں گے۔ اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ عمران خان نے جرات اور بہادری کے ساتھ جیل کاٹ کر سیاسی مخالفین کے طے شدہ منصوبوں پر پانی پھیر دیا ہے ، پاکستان کی سیاست آج بھی عمران خان کے گرد گھومتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جلد بہت کچھ تبدیل ہوگا اور آئندہ کئی دہائیوں کے منصوبے بنانے والے نہ صرف ششدر رہ جائیں گے بلکہ عوامی غیض و غضب کا نشانہ بھی بنیں گے ۔ عمران خان کو عوام کے دلوں سے نکالنے کیلئے کون سا حربہ استعمال نہیں کیاگیا لیکن اس کے باوجود عمران خان کی مقبولیت کا گراف کم ہونے کی بجائے اوپر گیا ہے اور اسی وجہ سے نام نہاد مقبول سیاستدانوں کی نبض ڈوبنا شروع ہو جاتی ہے۔