خالد مقبول صدیقی 69

پاکستان کی خواتینِ نے ہر شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں،ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)متحدہ قومی موومنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر مرکز بہادر آباد سے جاری کردہ اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ خواتین کسی بھی مہذب اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد اور ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں، ملک بنانے سے لے کر بچانے تک خواتین کا کردار ناقابلِ فراموش ہے، پاکستان کی خواتین نے تعبیر تعمیر تعلیم معیشت صحافت سیاست طب اور سماجی خدمات سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی میں اپنی محنت صلاحیت اور عزم سے نمایاں کامیابیاں حاصل کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ قومی ترقی کے سفر میں مردوں کے شانہ بشانہ کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان سمیت دنیا کے کئی معاشروں میں خواتین کو آج بھی تعلیم روزگار صحت تحفظ اور مساوی مواقع کے حصول میں مختلف سماجی اور معاشی رکاوٹوں کا سامنا ہے

خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لئے قوانین تو موجود ہیں مگر ان پر مثر اور سنجیدہ عملدرآمد نہ ہونے کے باعث خواتین کو ہراسانی استحصال اور عدم تحفظ جیسے مسائل کا سامنا رہتا ہے جو کسی بھی مہذب معاشرے کے لیے لمحہ فکریہ ہے، انہوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ روزِ اول سے خواتین کو بااختیار بنانے انہیں قومی دھارے میں فعال کردار دینے اور قیادت کے مواقع فراہم کرنے کی علمبردار رہی ہے، ایم کیو ایم وہ سیاسی جماعت ہے جس نے خواتین کو نہ صرف سیاست میں متحرک کردار دیا بلکہ انہیں پارلیمان صوبائی اسمبلیوں اور تنظیمی سطح پر اہم ذمہ داریاں بھی سونپیں تاکہ خواتین قومی فیصلوں میں براہِ راست شریک ہو سکیں، چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ خواتین کے عالمی دن کا اصل تقاضا یہ ہے کہ اسے محض رسمی تقاریب اور بیانات تک محدود رکھنے کے بجائے عملی اقدامات کے ذریعے خواتین کو درپیش مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے، ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ خواتین کو محفوظ ماحول معیاری تعلیم باعزت روزگار اور مساوی مواقع فراہم کیئے جائیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں،

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان حقوق نسواں کے تحفظ ان کی تعلیم و معاشی خودمختاری اور سماجی انصاف کے قیام کے لئے اپنی سیاسی و جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی، کیونکہ کسی بھی قوم کی حقیقی ترقی اس وقت تک ممکن نہیں جب تک اس کی خواتین کو باوقار مقام مساوی حقوق اور مکمل مواقع فراہم نہ کیے جائیں، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ملک بھر کی باہمت محنتی جفاکش اور باصلاحیت خواتین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی مائیں بہنیں اور بیٹیاں ہماری معاشرتی طاقت ہیں اور ان کے حقوق عزت اور تحفظ کو یقینی بنانا دراصل ایک مضبوط مہذب اور روشن پاکستان کی بنیاد ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں