نعیم میر

پاکستان کی تاجر برادری یوم استحصال کشمیر پر سیاہ پٹیاں باندھ کر کاروبار کریگی ‘ نعیم میر

لاہور(ر پورٹنگ آن لائن) آل پاکستان انجمن تاجران کے سیکرٹری جنرل نعیم میر نے کہا ہے کہ مودی سرکار نے ایک سال

پہلے کشمیر کا نیم خودمختار سٹیٹس ختم کیا،آرٹیکل 370 کو ختم کرنے کا مقصد کشمیریوں کے حق خودارادیت پر شب خون مارنا تھا،

کشمیر میں ہندؤں کی آبادکاری شروع کردی گئی ہے۔لاہور پریس کلب میں میاں وقار احمد، سہیل محمود بٹ، میاں خلیل عبیر،

شاہد نذیر، ذوالفقار بھٹی ، میاں ریاض، رضوان بٹ، فاروق حفیظ، طاہر سبحانی اور دیگر تاجر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے

ہوئے انہوں نے کہاکہ ترقیاتی پروگرواموں کے نام پر پنڈتوں کو کشمیر میں ڈومیسائل دئیے جارہے ہیں۔ آزادی کے متوالوں پر

ظلم ڈھائے جانے کا سلسلہ تیز ہوچکا ہے۔ جدوجہد آزادی کشمیر جاری ہے ، جاری رہے گی۔نعیم میر نے کہا کہ پاکستان کی تاجر

برادری کشمیریوں کی ہرطرح سے سپورٹ کرتی رہے گی ،ایک سال سے لاک ڈاؤن ہے ، کشمیریوں کو بنیادی حقوق سے محروم

کیا گیا ہے۔ہندوستان کی ظلم و زیادتی اور سفاکی پر پاکستان کے تاجر شدید مذمتکرتے ہیں۔نعیم میر نے اعلان کیا کہ پاکستان کی تاجر

برادری بھی کل یوم استحصال کشمیر منائے گی ،تاجر سیاہ پٹیاں باندھ کر کاروبار کریں گے۔ حکومت کو کشمیر میں ہونیوالی بربریت

پر ایک سیکنڈ بھی خاموشی اختیار نہیں کرنا چاہیے ۔انڈو پاک ٹریڈ کو مسئلہ کشمیر کے حل کے ساتھ ہمیشہ کے لئے جوڑ دیا جائے۔

حکومت فیصلہ کرے ، تاجر مکمل تعاون کریں گے۔ ہم حکومت کو تاجر مسائل کے حل کے لئے 15 اگست تک مہلت دے

رہے ہیں۔تمام بند کاروبار کھولنے کی حتمی تاریخ دی جائے۔ ہفتہ وار ایک تعطیل اور ریٹیل بزنس کو رات دس بجے تک کھولنے

کی اجازت دی جائے۔تاجروں کے لئے فوری بلا سود قرضہ سکیم کا اجرا کیا جائے۔ تاجروں کے ساتھ 30 اکتوبر کے معاہدے پر

عملدارامد کیا جائے۔ اگر حکومت نے 15 اگست تک مثبت فیصلے نہ کئے تو ہم اپنا لائحہ عمل دیں گے۔ آخری تاجر کو ظلم و زیادتی

سے نجات نہ مل جائے ، چین سے نہیں بیٹھیں گے۔امید ہے حکومت ہوش کے ناخن لے گی۔انہوں نے کہاکہ 15 اگست

تک تمام بند کاروبار کھولے جائیں ، ریسٹورنٹس ،ہوٹل ، سکولز ، سینما گھر ، شادی ہالز کو کھولا جائے ، اگر 15 اگست تک کاروبار نہ

کھولے گئے تو تاجر اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔