اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) ملک بھر میں پاک فضائیہ نے اپنے تمام ائیر بیسز اور تنصیبات پر 7 ستمبر یوم شہداءکے طور پر منایا۔ دن کا آغاز1965ء اور 1971ءکی جنگوں کے شہداءاور ان تمام افراد کے لیے خصوصی دعاﺅں اور قرآن خوانی سے کیا گیا، جنہوں نے پاکستان کے معرض وجود میں آنے سے لے کر اب تک مادرِ وطن کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔
اسی سلسلے کی مرکزی تقریب ائیر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقدکی گئی ۔ سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان اس تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ۷ستمبرکے یادگار اور تاریخی دن کے موقع پر میں پاک فضائیہ کے ان تمام ہیروزکو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جودشمن کی جارحیت کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن گئے اور اس کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم اپنے شہداءاور غازیوں کے عزم،ہمت اور جذبہ قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں اور اس عہد کی تَجدید کرتے ہیں کہ ہم اپنے پاک وطن پر کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاشبہ، پاکستان کی بہادرمسلح افواج اپنی سرحدوں اور عوام کی حفاظت کرنا خوب جانتی ہیں اور دشمن کو عبرت ناک شکست سے دو چار کرنے کی بھر پور اہلیت رکھتی ہےں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وطن کا دفاع، اس کی مضبوطی وسَربلندی اور اسکی تعمیر وتَرقی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے تاکہ ہمارا پاکستان ہر محاذ پر مزید کامیاب ہو۔کشمیر کی موجودہ صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم اُن کشمیری بھائیوں اور بہنوں سے بھی اظہارِیکجہتی کرتے ہیںجو سات دہائیوں سے ظلم اورتَسلط کے خلاف جِدّوجُہد کر رہے ہیں۔قبل ازیں ائیر چیف نے شہداءکی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی ۔ تقریب میں پرنسپل اسٹاف آفیسرز،افسران اور ائیر مین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس دن کی مناسبت سے پا ک فضائیہ کے ایک دستے نے ائیر وائس مارشل غلام عباس گھمن، ائیر آفیسر کمانڈنگ ،سدرن ائیر کمانڈ کی سر کردگی میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کی جانب سے پائلٹ آفیسرراشد منہاس شہید (نشانِ حیدر) کی قبر پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔بعد ازاں ملک بھر میںپاک فضائیہ کے شہداءکی قبروں پر بھی پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔