پاکستان

پاکستان کی بھارتی افواج کے ہاتھوں مزید 5 کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن ) پاکستان نے قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں مزید 5 کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ شہدا کی میتیں لواحقین کے حوالے نہ کرنا قابل مذمت ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ گزشتہ ماہ سے اب تک جعلی مقابلوں یا نام نہاد سرچ آپریشنز میں کم از کم 30 کشمیری شہید ہوئے، بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں بے گناہ کشمیریوں کے قتل کا سلسلہ جاری ہے، مقبوضہ کشمیر میں معصوم شہری، خواتین، بچے اور بزرگ بھارتی افواج کی ریاستی دہشتگردی سے محفوظ نہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ کئی واقعات میں شہید کشمیریوں کی میتیں لواحقین کے حوالے نہ کرنا قابل مذمت ہے، بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں کشمیریوں کا قتل ناقابل تردید حقائق کی بھی توثیق کرتا ہے، حقائق پاکستان نے حال ہی میں ایک جامع ڈوزیئر میں فراہم کئے تھے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی کا فوری نوٹس لے۔