اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان نے اسرائیل کی جانب سے غزہ امن معاہدے کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی ہے، جن کے نتیجے میں جانی نقصان کی اطلاعات ہیں۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق یہ کارروائیاں بین الاقوامی قانون اور حال ہی میں طے پانے والے امن معاہدے کی صریح اور سنگین خلاف ورزی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی قابض افواج کے ایسے جارحانہ اقدامات خطے میں دیرپا امن اور استحکام کے قیام کے لیے جاری بین الاقوامی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی افواج کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کو فوری طور پر بند کرائے۔پاکستان نے اپنے اصولی مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے مسئلے کا واحد منصفانہ حل ایک آزاد، خودمختار، قابلِ عمل اور متصل فلسطینی ریاست کا قیام ہے، جو جون 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مبنی ہو اور جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔