احسن اقبال

پاکستان کو کلائمٹ چینج کے نقصانات سے بچنے کیلئے46ارب ڈالر کی ضرورت ہے،احسن اقبال

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہاہے کہ پاکستان کو کلائمٹ چینج کے اثرات سے بچنے کیلئے 46 ارب ڈالر کی ضرورت ہے، عالمی برادری کو پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہی سے بچانا ہوگا۔ادارہ برائے پائیدار ترقی کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہاکہ بھارت سارک ممالک کے درمیان تجارت میں بڑی روکاٹ ہے، بھارت بڑے پن کا مظاہرہ کرے تو مسائل حل ہو سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ ہم نے پائیدار ترقی کے اہداف کو نیشنل ایجنڈے میں شامل کیا، کرونا کی ہیلتھ ایمرجنسی نے معاشی ترقی کو متاثر کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بچنے کیلئے 46 ارب ڈالر کی ضرورت ہے، پاکستان کو موجودہ سیلاب ہی نہیں بلکہ مستقبل کے سیلاب سے بھی بچنے کی ضرورت ہے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ عالمی برادری کو پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہی سے بچانا ہوگا، عالمی برادری کیلئے پاکستان میں انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کے مواقع ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب کے باعث غربت کی شرح مزید 4 فیصد بڑھے گی، مزید 90 لاکھ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے آجائیں گے۔وفاقی وزیر نے مزیدکہاکہ سندھ میں غربت کی شرح 8فیصد سے بڑھ کر 9.7فیصد پر چلی جائے گی، بلوچستان میں غربت کی شرح 7.5 سے 7.7 فیصد پر پہنچ جائے گی۔