برسلز (رپورٹنگ آن لائن ) وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کوگرے لسٹ میں رکھنے کاکوئی جوازنہیں بنتا، ایف اےٹی ایف میں ایک چھوٹا سا طبقہ اس کی ساکھ متاثر کر رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے برسلز میں پاکستانی میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے ایکشن پلان پربھرپورتعاون کیا، 2018میں دیےگئےایکشن پلان پرپوری طرح عمل کیا۔ شاہ محمودقریشی نے کہا کہ پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کا کوئی جوازنہیں بنتا، ایک نکتے پر خواہ مخواہ پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھاگیا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ایف اےٹی ایف میں ایک چھوٹا سا طبقہ اس کی ساکھ متاثر کر رہا ہے، یورپی یونین اوردیگرممالک اس سلسلے میں کرداراداکریں۔ سانحہ سیالکوٹ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ واقعےکےذمہ داران کےخلاف کارروائی کا آغاز ہوچکا ہے۔ افغانستان کی صورتحال سے متعلق شاہ محمودقریشی نے کہا افغانستان کو انسانی، معاشی بحران سے بچانا ترجیح ہونی چاہیے۔