لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2026ء کیلئے 15رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا جس کے مطابق سلمان علی آغا کو قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
پی سی بی سلیکشن کمیٹی کے ڈائریکٹر عاقب جاوید، ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور وائٹ بال کپتان سلمان آغا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کیلئے قومی ٹیم کا اعلان کیا۔ورلڈ کپ کیلئے ٹی ٹونٹی سکواڈ میں سلمان علی آغا کپتان ہوں گے، سکواڈ میں بابر اعظم، فخر زمان، محمد نواز، ابرار احمد اور نسیم شامل کو شامل کیا گیا ہے، اس کے علاوہ محمد سلمان مرزا، شاہین آفریدی، شاداب خان، صاحبزادہ فرحان، فہیم اشرف، خواجہ محمد نافع، عثمان طارق، صائم ایوب اور عثمان خان ٹیم کا حصہ ہیں۔
ڈائریکٹر سلیکشن کمیٹی عاقب جاوید نے کہا کہ کمبی نیشن کو ذہن میں رکھ کر کھلاڑیوں کا انتخاب کیا، کنڈیشنز کو مدنظر رکھ کر ٹیم تشکیل دی گئی ہے، بابراعظم کا ٹیم میں اہم کردار ہے، حارث رئوف کافی عرصہ سے پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ فتح کیلئے اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگی، پچھلے تین ٹورنامنٹ میں ہماری پرفارمنس اچھی نہیں تھی، ورلڈکپ ہمیشہ چیلنجنگ ایونٹ ہوتا ہے، ریلکس نہیں ہو سکتے، ورلڈکپ کیلئے پرجوش اور تیار ہیں، سری لنکا کی کنڈیشنز میں ہائی سکورنگ میچز نہیں ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم میں ہر کھلاڑی کے کھیل کا طریقہ مختلف ہے، ہر کھلاڑی کو معلوم ہے کہ اس کو ٹیم میں کیا کردارادا کرنا ہے، بابراعظم کی اتنی بری پرفارمنس نہیں جتنی لوگ باتیں کرتے ہیں، بگ بیش لیگ میں بابراعظم کی پرفارمنس اچھی نہیں رہی، آسٹریلیا میں کنڈیشنڈ بہت مختلف ہے۔سلمان آغا نے کہا کہ بابراعظم پاکستان کے لئے ٹی ٹونٹی میں اچھی کرکٹ کھیلتے ہیں، بابراعظم پاکستان کیلئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں میرے لئے وہی اہم ہے، ٹیم میں ہر کھلاڑی کے کھیل کا طریقہ مختلف ہے، ہر کھلاڑی کو معلوم ہے کہ اس کو ٹیم میں کیا کردارادا کرنا ہے۔
ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا کہ عثمان خان کی کارکردگی ٹیم میں واپسی کے بعد بہترین رہی ہے، وکٹ کیپر کا کردار بیٹنگ میں چھٹے نمبر پر ہے، صاحبزادہ فرحان بھی کیپنگ کیلئے موجود ہیں تاہم ان پر بوجھ نہیں ڈالیں گے، صاحبزادہ فرحان ٹی ٹونٹی ٹیم کا اہم رکن ہے۔
ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے میچز 7فروری سے 8مارچ تک بھارت اور سری لنکا میں ہوں گے، پاکستان 7فروری کو نیدرلینڈز کے خلاف ورلڈ کپ مہم کا آغاز کریگااس کے علاوہ آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز سے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی تیاری کا آغاز ہوگا۔واضح رہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم 28جنوری کو پاکستان پہنچے گی اور میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں 29، 31جنوری اور 1فروری کو ہوں گے۔









