شیریں مزاری

پاکستان کا مستقبل کیا ہوگا کوئی اس کی پیش گوئی نہیں کرسکتا ہے، شیریں مزاری

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل کیا ہوگا کوئی اس کی پیش گوئی نہیں کرسکتا ہے، مستقبل میں پاکستان کی بدعنوانی نہیں ہوگی، صحت مند ملک ہوگا، پاکستان میں انصاف ہر کسی کو دستیاب ہوگا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیریں مزاری نے کہا ہے کہ پاکستان کو ویلفیئر اسٹیٹ بنانے کے لیے اقدامات کررہے ہیں، صحت کارڈ کے ذریعے امریکا سے بہتر علاج کی سہولت فراہم کررہے ہیں، انصاف کی فراہمی اہم ہے اور ہم نے لیگل ایڈ اتھارٹی قائم کردی ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ حکومت نے فوجی عدالتوں کو توسیع دینے سے انکار کیا ہے، ہم اپنی زمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔

شیریں مزاری نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ سی پیک ایک بہت بڑا اسٹریٹجک عمل ہے، ہم اپنے میزائل، ٹینک، بارود اور لڑاکا طیارے خود بناتے ہیں، ہم دفاع کے لیے امریکا کے رحم و کرم پر نہیں ہیں۔ وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے مزید کہا ہے کہ ہیومن رائٹس کمیٹی کے سربراہ بلاول بھٹو ہیں، صحافیوں کے تحفظ کا قانون قائمہ کمیٹی کے پاس ہے۔