سر دار عبد القیوم نیازی

پاکستان کا قیام بانی پاکستان حضرت قائداعظم محمد علی جناح کی انتھک محنت اور مسلسل جدوجہد کا نتیجہ ہے، سر دار عبد القیوم نیازی

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہاہے کہ پاکستان کا قیام بانی پاکستان حضرت قائداعظم محمد علی جناح کی انتھک محنت اور مسلسل جدوجہد کا نتیجہ ہے۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ یوم آزادی کا مبارک دن ہماری تاریخ کا اہم ترین دن ہے ۔ انہوںنے کہاکہ آج کے دن دنیا بھر کے ممالک نے دنیا کے نقشے پر ایک نئی ریاست کو ابھرتے ہوئے دیکھا،پاکستان کا قیام بانی پاکستان حضرت قائداعظم محمد علی جناح کی انتھک محنت اور مسلسل جدوجہد کا نتیجہ ہے ۔ انہوںنے کہاکہ قائداعظم محمد علی جناح نے تحریک پاکستان کو کامیابی سے ہمکنار کر کے تاریخ کا دھارہ بدل دیا ،ہمارے جذبوں ،سوچ اور روح میں نظریہ پاکستان رچا بسا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان کشمیریوں کی آرزوں اور امنگوں کا واحد مرکز ہے پاکستان کو کشمیری اپنی منزل سمجھتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب ہم آزادی کا جشن سرینگر میں منائیں گے ۔انہوںنے کہاکہ کشمیر کے بغیر پاکستان نظریاتی اور جغرافیائی طور پر نامکمل ہے ،قراداد پاکستان کی منظوری کے بعد ریاست کے مسلمانوں نے اپنی تحریک آزادی کو تحریک پاکستان سے وابستہ کر دیا تھا۔ انہوںنے کہاکہ آزادجموں و کشمیر کے غیور اور باشعور عوام نے ہمیشہ یہ ثابت کیا کہ پاکستان کے ساتھ ہمارا الحاق حتمی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی حیثیت اور ڈیمو گرافی تبدیل کرنے کی گھناونی کوشش کر رہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام نے ہندوستان کے ان اقدامات کو رد کر دیا ہے ،آج کے دن کشمیری قوم اپنے سفیر اور وکیل وزیراعظم پاکستان عمران خان کے بھی خصوصی شکرگزار ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے 5 اگست 2019 کے بھارت کے اقدامات کے بعد مسئلہ کشمیر کو عالمی فورمز پر بہترین انداز میں اٹھایا ،وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کشمیریوں کی بہترین ترجمانی کی ۔