اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی سیکرٹری جنرل محمد ہمایوںخان نے کہا ہے کہ پاکستان کا ایٹمی قوت بننا محض ایک سائنسی یا دفاعی کامیابی نہیں بلکہ قومی خودمختاری، سلامتی اور وقار کی ضمانت ہے۔ اپنے بیان میں ہمایوں خان نے کہاکہ ہم گھاس کھا لیں گے مگر ایٹم بم ضرور بنائیں گے کا عزم دراصل قومی غیرت، خودداری اور مستقبل بینی کا عملی اظہار تھا۔
انہوںنے کہاکہ پاکستان نے ایٹمی طاقت بن کر خطے میں اسٹریٹیجک توازن قائم کیاجس کا سہرا سابق وزیرِاعظم ذوالفقار علی بھٹو کے دوراندیش وڑن اور قومی قیادت کی بصیرت کو جاتا ہے۔ ہمایوں خان نے کہاکہ یہ وہ تاریخی فیصلہ تھا جس نے خطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھا اور پاکستان کو ناقابلِ تسخیر دفاعی قوت میں تبدیل کیا۔ انہوںنے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے مشکل ترین حالات میں عالمی دباؤ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے قوم کو ایٹمی پروگرام کی سمت دی۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت نے نہ صرف دفاع کو مضبوط بنایا بلکہ خطے میں امن کے قیام میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔
انہوںنے کہاکہ مضبوط دفاع ہی پائیدار امن کی بنیاد ہے اور پاکستان کی ایٹمی طاقت نے دشمن کو جارحیت سے باز رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی سلامتی، دفاع اور جمہوری استحکام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم قومی یکجہتی کو فروغ دیں، دفاعی اداروں کے ساتھ کھڑے رہیں اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے مشترکہ کاوشیں کریں۔








