بلاول بھٹو زر داری

پاکستان پیپلزپارٹی گلگت بلتستان 2020 کے انتخاب 2018 والے منشور کی بنیاد پر ہی لڑے گی، بلاول بھٹو زر داری

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی گلگت بلتستان 2020 کے انتخاب 2018 والے منشور کی بنیاد پر ہی لڑے گی۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے سب سے پہلے 1974 میں گلگت بلتستان میں اصلاحات کو متعارف کرایا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے گلگت بلتستان سے ایف سی آر اور راج شاہی کو ختم کیا، گلگت بلتستان کو 1994 میں پہلا لیگل فریم ورک آرڈر شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے دیا، صدر آصف علی زرداری نے 2009 میں گلگت بلتستان کو نام دیا، یہاں کی اسمبلی کو بااختیار بنایا۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ میں نے اپنے 2018 کے منشور میں گلگت بلتستان کو مزید حقوق دینے کا وعدہ کیا، ہم گلگت بلتستان میں شفاف انتخابات کا اس لئے مطالبہ کررہے ہیں تاکہ یہاں کے لوگ اپنا مستقبل خود طے کرسکیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی گلگت بلتستان 2020 کے انتخاب 2018 والے منشور کی بنیاد پر ہی لڑے گی۔ انہوںنے کہاکہ یہ وقت ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کے خوابوں کو تعبیر ملے۔