چیئرمین سینیٹ

پاکستان وسطی ایشیائی ممالک تک رسائی حاصل کرنے معاشی نقل وحمل میں تیزی لانے کیلئے کوشاں ہے، چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد( رپورٹنگ آن لائن) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ سی پیک نے پاکستان کیلئے خطے کے ساتھ رابطہ کاری کے نئے مواقع پیدا کیے ہیں،رابطہ کاری کے اس منصوبے سے تین ارب سے زائد افراد کو فائدہ پہنچے گا،پاکستان خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کی اہمیت کو سمجھتا ہے،پاکستان نے افغان امن عمل کی ہر سطح پر حمایت کی ہے، خطے کی رابطہ کاری اور تعاون کو بڑھانے کیلئے امن و سلامتی انتہائی اہم ہے،پاکستان وسطی ایشیائی ممالک تک رسائی حاصل کرنے اور اقتصادی و معاشی نقل وحمل میں تیزی لانے کیلئے کوشاں ہے۔

جمعرات کوچیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کرغستان میں منعقدہ کانفرنس سے ورچوئل لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کی بدولت اہم معلومات پر تبادلہ خیال کا موقع ملا،پاکستان اور کرغستان کے آپس میں قریبی برادرانہ تعلقات ہیں۔پاکستان اور کرغستا ن کے قریبی تعلقات کے باوجود تجارتی حجم کم ہے۔ دوطرفہ تجارتی حجم کو بڑھانے کی اشدضرورت ہے۔ باہمی دوطرفہ تجارتی و اقتصادی معاہدوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔موجوددور رابطہ کاری کا دور ہے۔

ہمیں رابطہ کاری کے مواقعوں سے استفادہ کرتے ہوئے ترقی کے عمل کو آگے بڑھانا ہوگا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ بی آر آئی منصوبہ وسطی ایشیائی ممالک کیلئے اقتصادی راہدری سے بھرپور استفادہ کرنے کے مواقع فراہم کرتا ہے۔سی پیک نے پاکستان کیلئے خطے کے ساتھ رابطہ کاری کے نئے مواقع پیدا کیے ہیں۔سی پیک خطے کیلئے ایک گیم چینجرکے طور پر سامنے آیا ہے۔سی پیک منصوبہ سینٹرل ایشیا، جنوبی ایشیا، مشرق وسطی، شمالی افریقہ اور یورپ کے ساتھ رابطہ کاری میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

رابطہ کاری کے اس منصوبے سے تین ارب سے زائد افراد کو فائدہ پہنچے گا۔ پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور امن کیلئے قربانیاں دی ہیں۔پاکستان خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کی اہمیت کو سمجھتا ہے۔پاکستان نے افغان امن عمل کی ہر سطح پر حمایت کی ہے۔خطے کی رابطہ کاری اور تعاون کو بڑھانے کیلئے امن و سلامتی انتہائی اہم ہے۔پاکستان وسطی ایشیائی ممالک تک رسائی حاصل کرنے اور اقتصادی و معاشی نقل وحمل میں تیزی لانے کیلئے کوشاں ہے۔پاکستان اور کرغستان آپس کے دو طرفہ تعلقات کو انتہائی اہم سمجھتے ہیں۔

ہمیں اقتصادی راہداری کے تحت معاشی و اقتصادی ترقی کیلئے مل کر کوششیں کرنی ہوںگی۔چیئرمین سینیٹ نے کانفرنس کے منتظمین اور لاہور سینٹر فار پیس ریسرچ کی کاوشوں کی تعریف کی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کانفرنس کا انعقاد انتہائی اہم موقع پر کیا گیا ہے۔کانفرنس میں کرغستان کے وزیر خارجہ، اراکین پارلیمنٹ اور آذربائیجان کے سفیر نے بھی شرکت کی