27 فروری 198

پاکستان نے 27 فروری کا بھارتی بیانیہ قابل تعریف انداز میں تباہ کیا،سابق بھارتی جنرل

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) ستائیس فروری پاکستانی قوم کی فتح کا دن تھا جسے دشمن بھی ماننے پر مجبور ہوا۔ سابق بھارتی کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عطا حسین نے پاکستان کی برتری تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ 27 فروری کے بھارتی بیانئے کو پاکستان نے جس طرح تباہ کیا وہ قابل تعریف ہے۔

گزشتہ برس26فروری کی صبح 2:54منٹ پر بھارت نے اقوام متحدہ کے آرٹیکل 2 (4)کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان میں حملے کی کوشش کی جو ناکام رہا۔ پاکستان کے شاہینوں کے ردعمل کے ڈر سے ہندوستانی جنگی جہاز بوکھلاہٹ میں پے لوڈ گرا کر بھاگ گئے۔ پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر دنیا کو حقائق سے آگاہ کیا۔4 بج کر 42منٹ پر پاکستان نے ثبوتوں کے ساتھ تمام ماجرا دنیا کے سامنے رکھ دیا ۔ پاکستانی علاقے میں بھارتی روٹ کی نشاندہی کر دی اور کسی بھی قسم کا نقصان نہ ہونے کے واضح ثبوت دکھا دیے۔

بھارت نے پہلے ایک مدرسے کو مکمل تباہ کرنے، پھر300 سے 350 پاکستانیوں کو شہید کرنے کا دعوی کیا جو پاکستان نے چند روز بعد عالمی میڈیا کو پے لوڈ گرائے گئے علاقے کا دورہ کروا کر بھارتی جھوٹ کا پردہ چاک کر دیا۔ اگلے دن 27 فروری کو پاکستانی شاہینوں نے 2 بھارتی طیاروں کو مار گرایا اور ایک پائلٹ ابھی نندن کو ثبوت کے طور پر گرفتار کیا، اس طرح بھارتی فضائیہ پر پاکستانی شاہینوں کی برتری ثابت ہو گئی۔

پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے طور پر عالمی میڈیا کے سامنے ابھی نندن کو واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کر دیا گیا۔ صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے بھارتی کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عطا حسین نے کہا کہ مودی کو رافیل طیاروں کی یاد ستاتی رہی، بھارتی وزیراعظم نے خود کہا رافیل طیارے ہوتے تو نتیجہ کچھ اور ہوتا۔ یوں بھارتی جھوٹے پروپیگنڈا کا بھانڈہ خود اس کی فوج کے سابق جنرل نے بیچ چوراہے میں پھوڑ دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں