جیکب آباد (رپورٹنگ آن لائن) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ایران پر ہونے والا حملہ غیر قانونی ہے ، پاکستان نے اس پوری صورتحال میں متوازن اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے جو شہید ذوالفقار علی بھٹو کی خارجہ پالیسی کی حقیقی عکاسی ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی اصول غیر جانبداری ہے یعنی کسی بھی عالمی بلاک کا حصہ بننے کے بجائے امن اور توازن کو فروغ دینا، ان کا کہنا تھا کہ ایران ہمارا ہمسایہ اور برادر ملک ہے اس لیے پاکستان ایران حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں جبکہ سعودی عرب پر حملے کی بھی پاکستان نے مذمت کی ہے،
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں دو ہفتوں کی جنگ بندی ممکن ہوئی جس پر اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے انہوں نے کہا کہ آج پاکستان عالمی سطح پر ایک مرکزی کردار ادا کر رہا ہے اور دنیا نے پاکستان کی تجاویز کو اہمیت دی ہے۔ یہ بات انہوں نے جیکب آباد میں رکن قومی اسمبلی میر اعجاز حسین جکھرانی کے والد سابق رکن قومی اسمبلی میر بابل خان جکھرانی کی وفات پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کے عوام مسلسل انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ اگرچہ 2018 کے انتخابات میں جیکب آباد میں پیپلز پارٹی کو شکست ہوئی تھی تاہم 2024 کے انتخابات میں عوام نے بھرپور حمایت دے کر پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنایا،
ان کا کہنا تھا کہ مخالفین کی جانب سے پروپیگنڈا کرنا ان کا کام ہے لیکن پیپلز پارٹی کی ذمہ داری عوام کی خدمت، ترقیاتی منصوبوں کا آغاز، روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور زراعت کے شعبے کو مضبوط بنانا ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہر الیکشن میں پیپلز پارٹی پہلے سے زیادہ ووٹ اور نشستیں حاصل کر رہی ہے جو گڈ گورننس اور عوامی اعتماد کا واضح ثبوت ہے اور حکومت عوامی خدمت کے مشن سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گی، سرکاری ملازمتوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ گریڈ 1 سے 4 تک کی بھرتیوں کا عمل 2023 میں شروع کیا گیا تھا .
تاہم بعض سیاسی جماعتوں کی جانب سے عدالت سے رجوع کرنے پر یہ عمل رک گیا ہم نے اس کا عدالت میں مقابلہ کیا اور عدالت نے فیصلہ کیا کہ جس ضلع میں تمام قانونی تقاضے مکمل ہیں وہاں ملازمتیں دی جائیں انہوں نے کہا کہ عدالت کے فیصلے کے بعد جہاں قانونی تقاضے مکمل ہوچکے ہیں وہاں بھرتیاں جاری ہیں جبکہ جیکب آباد میں بھی جلد یہ عمل مکمل کرکے نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کی جائیں گی، اس موقع پر پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ، شرجیل انعام میمن ، سید ناصر شاہ، میر ممتاز حسین جکھرانی اور دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔








