اسلام آباد( ر پورٹنگ آن لائن)پاکستان نے امریکہ بھارت کے انسداد دہشت گردی کے مشترکہ ورکنگ گروپ کے مشترکہ بیان میں پاکستان سے متعلق حوالوں کو مسترد کردیا۔امریکہ ہندوستان کے انسداد دہشت گردی کے مشترکہ ورکنگ گروپ کے 17 ویں اجلاس کے مشترکہ بیان پر دفتر خارجہ نے کہا کہ مذکورہ مشترکہ بیان میں پاکستان سے متعلق بیان پر سنگین خدشات سے امریکا کو آگاہ کر دیا گیا ہے،
یہ ضروری ہے کہ شراکت دار ممالک جنوبی ایشیاء میں امن و سلامتی کے امور کا ایک معروضی نظریہ اپنائیں،عالمی برادری بخوبی واقف ہے کہ پاکستان سرحد پار دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے ۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ پاکستان میں سرحد پار دہشت گردی میں بھارت کی سرپرستی اور اس کا تعاون حاصل ہے۔
ترجمان نے کہاکہ عالمی برادری بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں ، قربانیوں اور کامیابیوں کو تسلیم کرتی ہے۔ترجمان نے کہاکہ پاکستان نے بار بار اس بات کی نشاندہی کی کہ جنوبی ایشیاء میں امن و استحکام کو ہندوستان حکومت کی غیر ذمہ دارانہ پالیسیوں اور اقدامات سے خطرہ ہے۔