پاکستان

پاکستان نے آر ایس ایس چیف کے اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ ریمارکس کو مسترد کردیا

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان نے بھارتی انتہا پسند جماعت آر ایس ایس چیف کے اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ ریمارکس کو مسترد کرتے ہوئے ہندوستان آر ایس ایس چیف موہن بھاگوت کے انتہائی غیر ذمہ دارانہ ریمارکس کی سختی سے مذمت کی ہے ،

ہفتہ کو ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آر ایس ایس سربراہ نے تقسیم کو ”کالعدم“کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا،سربراہ آر ایس ایس نے عوامی طور جارحانہ سوچ اور تاریخی ترمیم پسندی کا اظہار پہلی بار نہیں کیا،ہندتوا نظریہ اور اکھنڈ بھارت درحقیقت آر ایس ایس بی جے پی گٹھ جوڑ ہے، ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے ہندتوا سوچ اور اکھنڈ بھارت نظریہ کی وجہ سے خطے کے امن و استحکام کو درپیش خطرات کی نشاندہی کی ہے،

بھارت کے ان خطرناک ہتھکنڈوں کا مقصد بھارت میں موجود اقلیتوں کو پسماندہ رکھنا ہے، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دنیا بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے حقوق کو منظم طریقے سے غصب کرنے اور کشمیریوں پر جاری ظلم کی گواہ ہے، پاکستان نے بھارت کے تسلط پسندانہ اقدامات کی مسلسل مخالفت کی ہے،پاکستان نے بھارت کے جارحانہ عزائم کو ناکام بنانے کے پختہ عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ امن کے لیے پرعزم رہتے ہوئے پاکستان کے عوام اور مسلح افواج ملک کی خودمختاری اور سالمیت کا دفاع کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں، بی جے پی اور آر ایس ایس ایسے اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ بیانات دینے سے گریز کریں، بی جے پی اور آر ایس ایس حقائق کو قبول کریں اور پرامن بقائے باہمی کے تقاضوں پر عمل کرنا سیکھیں۔