لاہور(رپورٹنگ آن لائن ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ملک میں70 سے 75 فیصد افراد کے لیے آمدنی بڑھی لیکن مہنگائی اتنی نہیں ہوئی تاہم 20 سے 25 فیصد افراد کے لیے مہنگائی بڑھی ہے اور ان کے لیے اقدامات ہونے چاہیے ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت ہے اور ضروری نہیں کہ سب ایک ہی بات کریں اور تعریف کی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ کوئی اور حکومت یا پارٹی اپنی کارکردگی اس طرح پیش نہیں کرتی جیسے پاکستان تحریک انصاف نے کیا۔
پیپلزپارٹی کو سندھ میں 3 سال ہوگئے لیکن صرف ٹویٹ کرنے یا تنقید کرنے سے کچھ نہیں ہوتا۔ ان کی حکومت سے بھی توقعات ہیں کہ وہ بتائیں کہ سندھ میں کیا کام کروائے اور کہاں پیسہ خرچ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جب پی ٹی آئی کی حکومت آئی تو خطرہ تھا کہ ملک دیوالیہ نہیں ہوجائے، تین برس میں ملک نے کئی مشکل دور دیکھے اور آگے کا سفر اتنا مشکل نہیں ہے۔