اٹک (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم خان نے کہاہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا اسلامی وزرائے خارجہ کانفرنس سے خطاب امت مسلمہ کے قلوب کی آواز ہے، ایک دلیر اور عالمی لیڈر کی موجودگی میں کوئی ملک پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا ، وقت آگیا ہے کہ افغان قوم کی بحالی کیلئے پوری دنیا وزیر اعظم عمران خان کا ساتھ دے تاکہ افغان عوام کے مسائل حل ہو سکیں ،کامیاب او آئی سی کانفرنس منعقد کرانے پر وزیر اعظم عمران خان مبارکباد کے مستحق ہیں،
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، قبل ازیں انہوں نے غورغشتی میں سابق چیئرمین سیف الرحمن خان کے صاحبزادے اور عطاءالرحمن خان کے بھائی کی اچانک وفات پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر پی ٹی آئی تحصیل حضرو کے صدر اشفاق خان، نمبردار ملک ثمر عباس، جنرل سیکرٹری فورتھ پلر ضلع اٹک نثار علی خان، بانی ممبر اجالا ویلفیئر نثار شاہ، صحافی عمر فاروق اور دیگر شخصیات بھی موجود تھی، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں 57اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کی میزبانی قوم کیلئے بڑا اعزاز ہے اسلامی ممالک کے ان وزرائے خارجہ کے پاکستان میں 41سال بعد بلائے جانیوالے اجلاس سے ثابت ہو گیا کہ عمران خان نا صرف پاکستان بلکہ عالم اسلام کے بھی مقبول ترین لیڈر ہیں جو امت مسلمہ کے مسائل حل کرنے کیلئے مسلمانوں کے مشترکہ پلیٹ فارم سے کوشش کرنا چاہتے ہیں،
معاون خصوصی نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے ہمسایہ ملک افغانستان کے عوام کو درپیش مشکلات کے ازالہ کیلئے عالم اسلام کو مشترکہ حکمت عملی اختیا رکرنے پر راضی کر کے دنیا کی دیگر بڑی قوتوں کو باور کرانے کی کوشش کی ہے کہ افغانستان کے عوام کو ان مشکل حالات میں اگر اکیلا چھوڑ دیا گیا تو وہاں کے کروڑوں عوام مزید مشکلات کا شکار ہو جائیں گے جس سے نا صرف افغانستان کے ہمسایہ ممالک بلکہ دنیا دیگر ممالک بھی متاثر ہونگے اس لیے افغانستان کے عوام کی مدد کیلئے دنیا کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا جس کیلئے پاکستان پہلے ہی عمران خان کی قیادت میں افغانستان کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے کوشاں ہیں۔