پاکستان میں کورونا

پاکستان میں کورونا کے مریضوں میں اضافہ ، ایک دن میں 34 ہلاکتیں ، ایک ہزار808 کیسز رپورٹ ہوئے

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان میں کورونا ایک بار پھر تشویشناک صورتحال اختیار کرنے لگا، ایک دن میں ریکارڈ 34افراد جاں بحق اور ایک ہزار808کوروناکیسز سامنے آئے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا تیزی سے پھیلنے لگا ، نیشنل کمانڈاینڈآپریشن سینٹر نے کورونا کی صورتحال کے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کردیئے۔اپ ڈیٹ رپورٹ کے مطابق ملک میں 24گھنٹے کے دوران ایک ہزار808 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ، جس کے بعدپاکستان میں کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد22ہزار88 ہوگئی جبکہ کیسز کی مجموعی تعداد 3لاکھ20ہزار849 تک جا پہنچی، چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا سے ریکارڈ34 افراد جاں بحق ہوئے ، جس کے بعد کورونا سے اموات کی تعداد 7ہزار55 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈاینڈآپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں 24 گھنٹے کے دوران 784 کورونا مریض صحتیاب ہوئے اور کورونا سے صحت یاب افراد کی تعداد 3لاکھ20ہزار849 ہوگئی۔ایک دن کے دوران ملک بھرمیں 36ہزار686 کورونا ٹیسٹ کیے گئے اور اب تک مجموعی طور پر 48لاکھ10ہزار182 کورونا ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں کورونا کی مریضوں کی تعداد 1لاکھ 52ہزار025، پنجاب ایک لاکھ8 ہزار221 ، خیبر پختونخوا میں 41 ہزار258 ، بلوچستان میں 16 ہزار 226 ہوگئی جبکہ گلگت بلتستان میں 4 ہزار409 اور آزاد کشمیرمیں 5 ہزار041 کیسز سامنے آئے۔