لاہور( رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کی سیاست اور طرز حکومت میں جو معیار متعارف کرائے ہیں ہمارے سیاسی مخالفین ہی نہیں بلکہ دنیا بھی اس کی معترف ہے ،مضبوط معیشت ہماری سلامتی کی ضامن ہے جس پر غیر معمولی توجہ مرکوزکی گئی ہے ، پاکستان میں کرپشن کے کاروبار کے سوا ہر شعبہ ترقی کر رہا ہے ۔
اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ پاکستان میں کئی دہائیو ں کے بعدتحریک انصاف کی صورت میں حقیقی تبدیلی آئی جس نے سٹیٹس کو توڑا ہے اور یہ بڑی کامیابی ہے ۔ گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے انتخابات کے بعد سیالکوٹ کے ضمنی انتخاب میں کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام حکومت کی پالیسیوں سے مطمئن ہیںاور انشا اللہ آئندہ تحریک انصاف دوتہائی اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔
انہوںنے کہاکہ شفاف طرزحکومت کی وجہ سے تحریک انصاف پنجاب کے بعدسندھ میں بھی مقبولیت حاصل کر رہی ہے اور قوی امید ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں تحریک انصاف سندھ میں بھی حکومت بنائے گی اور وہاں بھی کئی دہائیوں بھی خوشگوار تبدیلی آئے گی،پنجاب کی طرح سندھ کے عوام بھی آزمائے ہوئے چہروں سے بیزار ہو چکے ہیں اورتبدیلی لانے کے لئے بیتاب ہیں۔