موبائل فونز 25

پاکستان میں موبائل فونز کی درآمدات میں نمایاں اضافہ، 8 ماہ میں 364 ارب روپے سے تجاوز

مکو آ نہ (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان میں موبائل فونز کی درآمدات پر انحصار بدستور برقرار ہے، اور رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران درآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو ملک میں ڈیجیٹل ڈیوائسز کی بڑھتی ہوئی طلب کی عکاسی کرتا ہے۔دستاویزات کے مطابق، جولائی 2025 سے فروری 2026 تک پاکستان نے مجموعی طور پر 364 ارب 68 کروڑ روپے مالیت کے موبائل فونز درآمد کیے، جو گزشتہ سال اسی عرصے کے 278 ارب 16 کروڑ روپے کے مقابلے میں 31.10 فیصد زیادہ ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق، فروری 2026 میں سالانہ بنیادوں پر موبائل فونز کی درآمدات میں 18.27 فیصد اضافہ دیکھا گیا، جبکہ ماہانہ بنیادوں پر جنوری 2026 کے مقابلے میں فروری میں 13.35 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

مزید تفصیلات کے مطابق فروری 2026 میں موبائل فونز کی درآمدات 43 ارب 56 کروڑ روپے رہیں، جبکہ فروری 2025 میں یہ حجم 36 ارب 83 کروڑ روپے تھا۔ اس سے قبل جنوری 2026 میں درآمدات 50 ارب 27 کروڑ روپے تک پہنچ گئی تھیں۔ماہرین کے مطابق، موبائل فونز کی درآمدات میں اضافہ ملک میں اسمارٹ فونز کے بڑھتے ہوئے استعمال، ای کامرس کے فروغ اور ڈیجیٹل معیشت کی توسیع کا مظہر ہے، تاہم اس بڑھتے ہوئے درآمدی دباؤ کو کم کرنے کے لیے مقامی پیداوار کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر مقامی سطح پر موبائل فون مینوفیکچرنگ کو فروغ دیا جائے تو نہ صرف درآمدی بل میں کمی لائی جا سکتی ہے بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کیے جا سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں