جہلم(رپورٹنگ آن لائن ) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان میں عمران خان کے مقابلے کا کوئی لیڈر نہیں، عمران خان کے علاوہ یہ باقی سب سیاسی بونے ہیں، ان کا پورے پاکستان میں ووٹ ہے، سیاست مریم نواز کے بس کی بات نہیں، ن لیگ اداروں کو بلیک میل کر رہی ہے، بعد میں پتہ چلتا ہے یہ ساری ویڈیوز جعلی تھیں،ن لیگ لوگوں کو لالچ دے کر الیکشن لڑتی اور ووٹ کوعزت دو کا نعرہ لگاتی ہے، کیا ووٹ کو 2،2 ہزارمیں خریدنا اس کی عزت ہے؟ ، پیپلزپارٹی اور نون لیگ کو ای وی ایم سے گھبراہٹ ہوتی ہے ۔
جہلم میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا کہ ن لیگ لوگوں کو لالچ دیکر الیکشن لڑتی ہے، ووٹ کو ہزار،2ہزار میں خریدنا ووٹ کو عزت دینا ہے؟ سیاست مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی بس کی بات نہیں، ای وی ایم سے ن لیگ اور پیپلزپارٹی گھبرا جاتی ہے، ان کا انتخآبی طریقہ دھاندلی ہے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ویڈیو اور لیکس کا مقصد بلیک میلنگ ہوتا ہے، ویڈیوز پہلے آجاتی ہیں بعد میں پتہ چلتا ہے کہ جعلی ہے، مریم نواز نے کہا تھا لندن تو کیا پاکستان میں بھی میری کوئی جائیداد نہیں، آپ کے کرتوتوں کی وجہ سے آج پاکستان مشکلات کا شکارہے، شریف خاندان لندن میں جائیدادوں کی رسیدیں دے،
اس کے علاوہ ان کے پاس اور کوئی آپشن نہیں، جعلی ویڈیو کے ذریعے اداروں کو بلیک میل نہیں کیا جاسکتا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں عمران خان کے علاوہ کوئی لیڈرنہیں، ان کے علاوہ باقی سب بونے ہیں، وزیراعظم کی آواز پورے ملک میں جاتی ہے اور پورے ملک میں ان کا ووٹ بینک ہے، تحریک انصاف واحد قومی اور وفاقی پارٹی ہے جس نے پاکستان کو متحد رکھا ہوا ہے، وفاقی قیادت اور وفاقی پارٹی پاکستان کے لیے ضروری ہے، اگلےانتخابات میں بھی عمران خان کاکوئی مقابلہ نہیں کرسکتا، پیپلزپارٹی زرداری اور بلاول کی پارٹی ہے، پیپلزپارٹی سندھ تک محدود ہے، پورے پاکستان میں اگر کوئی ٹکٹ دینے کے پوزیشن میں ہے تو وہ پی ٹی آئی ہے۔