بلاول بھٹو

پاکستان میں صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے پولیو کا خاتمہ ناگزیر ہے، بلاول بھٹو

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان سے پولیو کا خاتمہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب تھا، عالمی برادری کی صف میں عزت و وقار کے ساتھ کھڑا ہونے کے لیئے بھی پولیو کا خاتمہ ضروری ہے، پاکستان میں صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے پولیو کا خاتمہ ناگزیر ہے۔

اتوار کو چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پولیو سے بچاو کے عالمی دن پر اپنے پیغام میںکہا تھا کہ رواں سال کے دوران ایک پولیو کیس کا سامنے آیا تھا، گزشتہ کئی ماہ سے کوئی بھی کیس سامنے نہ آنا خوش آئںد ہے، جبکہ یہ پولیو ورکرز کی تین دہائیوں پر محیط کٹھن جدوجہد کا ثمر اور پوری قوم کے تعاون کا مظہر ہے، وہ عوامل دیکھنے کی ضرورت ہے جنہوں نے ہمیں پولیو کے باب میں جنگ زدہ ملک افغانستان کے برابر کھڑا کیا ہوا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بدقسمت حقیقت ہے کہ، پاکستان میں مسلط کی جانے والی دائیں بازو کی پارٹیوں کی ترجیحات میں صحت عامہ شامل نہیں ہوتی، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنے دورِ حکومت میں ملک میں پہلی بار انسدادِ پولیو پروگرام کی بنیاد رکھی تھی، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے اس خواب کو حقیقت بنانا پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور جیالوں کا مشن ہے، ان تمام پولیو ورکرز کو سلام کرتا ہوں، جو اس مرض کے خلاف تین دہائیوں سے میدان پر ہیں، قوم ان ورکرز کی ہمیشہ مقروض رہے گی، جنہوں نے ہماری گلی محلوں میں پولیو کے خاتمے کی جنگ لڑی، جانیں قربان کیں۔