اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
اسلام آبد میں سکس سٹار ہوٹل کا قیام خوش آئند ہے۔ وہ اسلام آباد ڈویلپرز ایسوسی ایشن کے صدر اور سینٹورس گروپ کے سی ای او سردار یاسر الیاس خان اور صدر ڈاکٹر راشد الیاس خان کی جانب سے موون پک ہوٹل سینٹورس میں دئیے گئے افطار ڈنر کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔
افطار ڈنر میں وفاقی وزراء حنیف عباسی، طارق فضل چوہدری اور امیر مقام کے علاوہ 70 ممالک کے سفارتکاروں، سرکاری حکام اور جڑواں شہروں کے معروف کاروباری اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اس طرح کے ایونٹس سے مختلف شعبوں میں پاکستان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام مذہبی رواداری اور صبر کی تلقین کرتا ہے۔
پاکستان میں ثقافتی اور تاریخی لحاظ سے بہت کچھ موجود ہے جس کو مذہبی ورثہ اور ٹورزم سے منسلک کیا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ ایسے انٹرایکٹو ایونٹس کا مقصد پاکستانی اور عالمی نمائندوں کے درمیان اقتصادی تعاون کے مواقع سامنے لانا ہے۔ ایسی تقریبات سے سیاحت کے شعبہ میں پاکستان کی بے پناہ صلاحیتیں بھی اجاگر ہونگی جو سالانہ 40 بلین امریکی ڈالر سے زائد کا ریونیو پیدا کرنے کی استعداد رکھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بہت سے سرمایہ کار یہاں انا چاہتے ہیں جن کے لیے یہ پہلا سکس سٹار ہوٹل ایک مثال ہے۔ ڈاکٹر راشد الیاس خان نے کہا کہ موون پک ہوٹل میں مقامی اور عالمی اسٹیک ہولڈرز کو جوڑنے کے لیے ایک منفرد پلیٹ فارم مہیا کیا جا رہا ہے۔ آج کی یہ شام ہمارے لیے باعثِ اعزاز ہے جہاں ہم ایک دوسرے سے سیکھنے، تحریک حاصل کرنے اور ایک مشترکہ مستقبل کی تعمیر کے لیے یکجا ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سکس سٹار ہوٹل اس بات کی علامت ہے کہ پاکستان ہر طرح کی انویسٹمنٹ کے لیے ایک بہترین اور موزوں ملک ہے۔