چیئرمین شہزاد علی ملک

پاکستان میں سرخ مرچوں کی کاشت اور واپس چین کو برآمد کے لیے چینی کمپنی لیٹونگ گارڈ ایگریکلچر ریسرچ و سروسز کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کر گی :شہزاد علی ملک

جعفر بن یار

چین کی صف اول کی کمپنی لیٹونگ کے چیئر مین چن چانگ وی 11 اگست کو گارڈ ایگریکلچر ریسرچ اینڈ سروسز کے ساتھ پاکستان میں سرخ مرچوں کی کاشت اور اس کی پیداوار سی پیک فریم ورک کے تحت واپس چین کو برآمد کرنے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کریں گے۔

ایم او یو پر دستخط 10 اگست سے کراچی میں شروع ہونے والی 3 روزہ بین الاقوامی فوڈ اینڈ ایگریکلچر ایکسپو کے دوران کیے جائیں گے۔ گارڈ ایگریکلچر ریسرچ اینڈ سروسز کے سی ای او شہزاد علی ملک، ستارہ امتیاز نے بدھ کو یہاں میاں گل شاد الرحمان ارائیں کی سربراہی میں مرچ کے کاشتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ باہمی معاہدے کے تحت بیج کی پیداوار کیلئے زمین کا انتخاب طویل مدتی فزیبلٹی، زمینکے معیار اور پانی کی دستیابی جیسے عوامل کو مد نظر رکھ کر جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مرحلہ وار پروگرام میں صوبہ سندھ میں مجموعی طور پر 10 ہزار ایکڑ اور صوبہ پنجاب میں 5 ہزار ایکڑ اراضی کو زیر کاشت لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مرچ کے بیج کی افزائش، فصل کی پیداوار اور اس پر ریسرچ کے لیے مشترکہ کوششیں بھی کی جائیں گی اور مقامی حالات کے لیے موزوں اعلیٰ معیار کے مرچ کے بیج تیار کرنے اور ضرورت کے مطابق چینی کمپنی لیٹونگ کے لیے فصل کی پیداوار پر توجہ دی جائے گی۔

شہزاد علی ملک نے کہا کہ اس سے چین کو مرچ کی برآمد کو فروغ ملے گا اور اندرون سندھ اور جنوبی پنجاب میں مرچ کے کاشتکاروں کے منافع میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ گارڈ ایگریکلچر ریسرچ اینڈ سروسز پاکستان میں ہائبرڈ چاول کے بیج تیار کرنے والی پہلی کمپنی ہے اور اس کی چینی کمپنی لونگ پنگ کے ساتھ اچھی ورکنگ ریلیشن شپ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 3 روزہ بین الاقوامی فوڈ اینڈ ایگریکلچر ایکسپو میں گارڈ ایگریکلچر ریسرچ اینڈ سروسز کے ساتھ ساتھ چینی کمپنیاں لیٹونگ اور لونگپنگ بھی شرکت کر رہی ہیں۔