سید یوسف رضا گیلانی

پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد لمحہ فکریہ ہے ، چیئر مین سینٹ

اسلام آبا د(رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ذیابیطس دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والی سنگین بیماری ہے جو نہ صرف انسانی صحت بلکہ معاشی و سماجی ڈھانچے پر بھی گہرے اثرات مرتب کر رہی ہے ،پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد لمحہ فکریہ ہے جس کے تدارک کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔

جمعہ کو عالمی یومِ ذیابیطس کے عالمی دن کے موقع ر پانے پیغا میں سید یوسف رضا گیلانی نے اس بات پر زور دیا کہ ذیابیطس کے انسداد کے لیے بروقت تشخیص، موثر علاج تک رسائی، اور عوامی آگاہی بنیادی ستون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند طرزِ زندگی، متوازن غذا، اور باقاعدہ ورزش اپنانے سے اس بیماری کو بڑی حد تک روکا جا سکتا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اس مرض کا مقابلہ صرف انفرادی نہیں بلکہ اجتماعی کاوشوں سے ہی ممکن ہے۔

انہوں نے عوام، صحت کے ماہرین، سول سوسائٹی اور پالیسی ساز اداروں پر زور دیا کہ ایک مضبوط حکمتِ عملی کے تحت ذیابیطس کے خلاف مشترکہ کوششیں کی جائیں۔ انہوں نے نوجوان نسل کے لیے خصوصی آگاہی مہم کی ضرورت پر بھی زور دیاکیونکہ کم عمری میں غیر صحت مند طرزِ زندگی مستقبل میں ذیابیطس کے خطرات کو بڑھا دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ باقاعدہ طبی معائنے، بیماری کی ابتدائی علامات سے آگاہی، اور صحت عامہ کی تعلیم کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ حکومت ذیابیطس کی روک تھام اور علاج کے لیے جامع حکمتِ عملی پر کام کر رہی ہے، جس کے تحت بہتر سہولیات، ادویات کی فراہمی، اور آگاہی پروگراموں کو وسعت دی جا رہی ہے۔

انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ ذیابیطس اور دیگر غیر متعدی امراض کے خلاف عالمی برادری کو مشترکہ اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس سلسلے میں عالمی کوششوں کا فعال حصہ ہے اور صحت کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کے لیے پْرعزم ہے۔چیئرمین سینیٹ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی صحت کے حوالے سے ذمہ دارانہ رویہ اختیار کریں، باقاعدہ چیک اپ کروائیں، اور صحت مند طرزِ زندگی اپنا کر اس بیماری سے خود کو اور اپنے خاندان کو محفوظ بنائیں۔