خسرو بختیار

پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مذہبی آزادی حاصل ہے، خسرو بختیار

رحیم یار خان (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مذہبی آزادی حاصل ہے،مندر پر حملہ میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا ۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار نے رحیم یار خان میں بھونگ کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے تحریک انصاف کے رہنما رئیس محبوب احمد سے بھونگ مندر واقعہ بارے بریفنگ لی۔ وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مذہبی آزادی حاصل ہے۔

مندر پر حملہ میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا۔ مندر پر حملے سے پاکستان کا تشخص متاثر ہوا ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما رئیس محبوب کا کہنا تھا کہ واقعہ کے دوران تمام ہندو خاندانوں بھونگ شریف کے علاقے سے نقل مکانی کر گئے تھےتاہم اب امن کے بعد ان کی واپسی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ پولیس اور رینجرز کی تعیناتی سے علاقہ میں امن قائم ہوا ہے۔