اوپن یونیورسٹی

پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے لئے یو ایس مشن علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے مل کر کام کریگا، فلپ اسیس

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی دنیا بھر میں ایک اچھا نام اور خاص مقام رکھتی ہے ، پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے لئے یو ایس مشن علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے مل کر کام کریگا” اِن خیالات کا اظہار امریکی سفارت خانے میں نائب ثقافتی امور کے آفیسر، فلپ اسیس نے 8ماہ دورانیہ کی ای لرننگ کی تربیت کی اختتامی تقریب سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کیا۔

فلپ اسیس نے مزید کہا کہ وسیع تعلیمی نیٹ ورک ، ڈیجٹلائزین ، صلاحیتوں اور تعلیمی مہارتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے امریکہ کے ایجوکیشنل فاﺅنڈیشن پاکستان)یو ایس ای ایف پی( نے پاکستانی یونیورسٹیوں کے فیکلٹی ممبرز کو ای لرننگ کی تربیت فراہم کرنے کے لئے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا انتخاب کیا تھا ۔واضح رہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے آٹھ ماہ کے اس پراجیکٹ کے تحت چار یونیورسٹیوں کے فیکلٹی ممبرز اور آئی سی ٹی عملے کوای لرننگ تربیت فراہم کی ، اِن یونیورسٹیوں میںگورنمنٹ صادق کالج وویمن یونیورسٹی بہاولپور ، یونیورسٹی آف بلتستان سکردو ، یونیورسٹی آف بلوچستان کوئٹہ اور یونیورسٹی آف پنجاب لاہورشامل تھے۔

اس موقع پرپنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ، پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر، یونیورسٹی آف بلتستان کے وائس چانسلر ، پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان ،گورنمنٹ صادق کالج وویمن یونیورسٹی بہاولپورکی وائس چانسلر ، پروفیسر ڈاکٹر سائقہ امتیاز آصف اور یونیورسٹی آف بلوچستان کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمن نے انکے فیکلٹی ممبران کو ای لرننگ تربیت فراہم کرنے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فاصلاتی نظام تعلیم کی ڈیجٹلائزیشن نے ہمارے لئے روڈ میپ متعین کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آن لائن ایجوکیشن کے لئے ہم اوپن یونیورسٹی کی ڈیجٹلائزیشن کو فالو کرینگے۔انہوں نے یونیورسٹی کی ڈیجٹلائزیشن پر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ، پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالقیوم کو مبارکباد دی۔تربیت حاصل کرنے والے شرکاءسے تاثرات اور فیڈ بیک لینے پر انہوںنے کہا کہ یہ تربیت انکی بقا کی کٹ ہے اور اس تربیت نے ہمیںآن لائن تعلیم فراہم کرنے کے قابل بنایا ، قبل ازیں ہماری جامعات نے آن لائن ایجوکیشن شروع تو کی تھی لیکن ہماری تیاری نہیں تھی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ، پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالقیوم نے کہا کہ کروناوبا کی صورتحال پر قابو پانے اور تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لئے ہم نے ہنگامی بنیادوں پر کام کرکے یونیورسٹی کی ڈیجٹلائزیشن کا عمل مکمل کرلیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آن لائن تعلیمی مقاصد کے لئے جوتعلیمی ادارے ہمار ڈیجٹلائزیشن کو فالو کرنا چاہتے ہیں ، ہم انہیں بھرپور سپورٹ فراہم کرینگے۔ڈاکٹر ضیاءالقیوم نے ای لرننگ تربیت حاصل کرنے والے چاروں یونیورسٹیوں کے فیکلٹی ممبران اور انکے جامعات کے وائس چانسلر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تربیت حاصل کرنے والے فیکلٹی ممبران کو اوپن یونیورسٹی کا سپورٹ حاصل رہے گا ، ہر مشکل آنے پر وہ یونیورسٹی سے رابطہ کرسکتے ہیں۔

وائس چانسلر نے پاکستانی جامعات کے فیکلٹی ممبران کو ای لرننگ تربیت فراہم کرنے کے لئے اوپن یونیورسٹی کے انتخاب پر امریکہ کے یو ایس ای ایف پی اورر امریکی سفارت خانے کا شکریہ ادا کیا۔تقریب سے پراجیکٹ ریسرچ آفیسر/ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن ، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود اور پراجیکٹ فوکل پرسن /ڈائریکٹر بین الاقوامی تعاون و تبادلہ آفس ، ڈاکٹر زاہد مجید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس تربیت کے نتیجے میں چاروں یونیورسٹیوں کے فیکلٹی ممبرز میں سے 30ماسٹر ٹرینرز بن گئے ہیں جو باقی فیکلٹی ممبرز کو تربیت فراہم کرسکیں گے۔