اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن ) پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ دی اکانومسٹ کے مطابق پاکستان مہنگائی کی شرح کے لحاظ سے دنیا میں تیسرے نمبر پر ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں سینیٹر شیری رحمان نے کہاکہ دی اکانومسٹ کی رپورٹ کے بعد عوام حکومت سے پوچھ رہی ہے کیا اب بھی پاکستان خطے میں سستا ترین ملک ہے ؟ انہوں نے کہاکہ پوری دنیا کہہ رہی پاکستان میں مہنگائی بڑھ رہی ہے لیکن وفاقی حکومت تسلیم کرنے کو تیار ہی نہیں، آئے روز کابینہ ارکان کے مہنگائی متعلق مضحکہ خیز بیانات سامنے آتے ہیں ۔
شیری رحمان نے مزید کہاکہ ابھی منی بجٹ کے تباہ کن اثرات آنا باقی ہیں ، یہی وجہ ہے پیپلز پارٹی مہنگائی اور نااہل حکومت کے خلاف 27 فروری کو لانگ مارچ کرنے جا رہی ۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر نے کہاکہ عوام میں مزید مہنگائی اور نااہل حکومت کو برداشت کرنے کی طاقت نہیں رہی۔