شہباز شریف

پاکستان معدنی ذخائر نکال کر قرضوں کے پہاڑ سے نجات حاصل کرسکتا ہے، وزیراعظم

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کے پہاڑوں، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں معدنیات کے کھربوں ڈالر مالیت کے ذخائر ہیں، پاکستان ان ذخائر کو نکال کر قرضوں کے پہاڑ سے چھٹکارا حاصل کرسکتا ہے۔

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو اللہ نے بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے، بلوچستان کے سنگلاخ پہاڑوں سے لے کر خیبرپختونخوا کے برش پوش پہاڑوں تک، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر کی قدیم چوٹیوں اور وادی سندھ اور پنجاب کی زرخیز زمینوں میں کھربوں ڈالر مالیت کے ذخائر موجود ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اگر ہم ان عظیم اثاثوں سے مستفید ہوں تو میں بلا خوف و تردد یہ بات کہہ سکتا ہوں کہ پاکستان آئی ایم ایف کو خدا حافظ بول سکتا ہے اور اپنے قرضوں کے پہاڑ سے جھٹکارا حاصل کرسکتا ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ صرف یہی نہیں بلکہ ہمارے پاس پنجاب اور سندھ سمیت پاکستان کے دیگر حصوں میں انتہائی ذرخیز زمینیں موجود ہیں اور سب سے بڑھ کر ہمارے پاس انتہائی بہادر لوگ موجود ہیں جو چیلنج قبول کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں اور مٹی کو سونا بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔