امیر مقام 10

پاکستان معاشی بحالی اور استحکام کے راستے پر گامزن، لیپ ٹاپ اسکیم کا مقصد نوجوانوں کو جدید تعلیم سے ہم آہنگ کرنا ہے، انجینئر امیر مقام

بونیر(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صوبائی صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہاہے کہ آج پاکستان ایک بار پھر معاشی بحالی اور استحکام کے راستے پر گامزن ہے، لیپ ٹاپ سکیم کا مقصد ملک کے نوجوانوں کو جدید تعلیم، ڈیجیٹل مہارتوں، تحقیق اور اختراع سے ہم آہنگ کرنا ہے۔

منگل کو یونیورسٹی آف بونیر میں وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت طلبہ میں لیپ ٹاپس تقسیم کرنے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ آج مجھے بے حد مسرت اور فخر حاصل ہو رہا ہے کہ میں خیبر پختونخوا کے اس اہم اور ابھرتے ہوئے تعلیمی ادارے یونیورسٹی آف بونیر میں آپ کے درمیان موجود ہوں، یہ میرے لیے باعثِ اعزاز ہے کہ آج ہم ایک طرف وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت 152 ہونہار طلبا و طالبات میں لیپ ٹاپس تقسیم کر رہے ہیں اور دوسری طرف یونیورسٹی میں تعلیمی، انفراسٹرکچر اور ڈیجیٹل ترقی کے اہم منصوبوں کا افتتاح بھی کر رہے ہیں۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم محض ایک منصوبہ نہیں بلکہ یہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کے اس وژن کا عملی اظہار ہے جس کا مقصد ملک کے نوجوانوں کو جدید تعلیم، ڈیجیٹل مہارتوں، تحقیق اور اختراع سے ہم آہنگ کرنا ہے، یہ لیپ ٹاپ محض ایک مشین نہیں بلکہ ہمارے نوجوانوں کے روشن مستقبل، خود اعتمادی، خود انحصاری اور قومی ترقی کی علامت ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آج پاکستان ایک بار پھر معاشی بحالی اور استحکام کے راستے پر گامزن ہے، یہ کامیابی وزیراعظم پاکستان کی مدبرانہ قیادت، بروقت فیصلوں اور انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل معاشی حالات ہوں، عالمی دباؤ ہو یا اندرونی چیلنجز، وزیراعظم نے ہر محاذ پر قوم کی رہنمائی کی اور پاکستان کو ترقی اور بہتری کی سمت لے کر آئے۔

انہوں نے کہا کہ ہم حالیہ حالات میں بھارت کے ساتھ کشیدہ ماحول کے دوران پاکستان کے ذمہ دارانہ، جرات مندانہ اور باوقار مؤقف کو بھی نہیں بھول سکتے، پوری قوم نے اتحاد، حوصلے اور قومی وقار کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ میں اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاکستان کی بہادر مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جن کی پیشہ ورانہ قیادت اور بروقت فیصلوں نے وطنِ عزیز کے دفاع کو مضبوط اور ناقابلِ تسخیر بنایا، پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وہ چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جن کی قیادت میں نوجوانوں کے لیے تعلیم، ہنر، روزگار اور ڈیجیٹل مواقع کے دروازے کھولے جا رہے ہیں اور وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم اسی وژن کا تسلسل ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے بے حد اطمینان محسوس ہو رہا ہے کہ یونیورسٹی آف بونیر میں پی ایس ڈی پی کے تحت اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلیے بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام کیے جا رہے ہیں، اللہ کے فضل سے جو منصوبے کامیابی کے ساتھ مکمل ہو چکے ہیں، ان میں ایک جدید اور فعال ایڈمنسٹریشن بلاک شامل ہے جو 224 ملین روپے کی لاگت سے مکمل ہوا، اس کے ساتھ ساتھ طالبات کے لیے ایک محفوظ اور سہولیات سے آراستہ گرلز ہاسٹل بھی 126 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔

اسی طرح اساتذہ کرام کیلئے تعمیر کیا گیا فیکلٹی ہاسٹل جس پر 89 ملین روپے لاگت آئی، آج باضابطہ طور پر افتتاح کے لیے تیار ہے جبکہ جدید تدریسی تقاضوں سے ہم آہنگ اسمارٹ کلاس روم بھی 10 ملین روپے کی لاگت سے مکمل ہو چکا ہے،اسی تسلسل کو آگے بڑھاتے ہوئے یونیورسٹی میں کئی اہم ترقیاتی منصوبے تیزی سے زیرِ تکمیل ہیں۔ ان میں سب سے نمایاں اکیڈمک بلاک ہے جس پر 989 ملین روپے کی خطیر رقم خرچ کی جا رہی ہے تاکہ طلبہ کو جدید کلاس رومز، لیبارٹریز اور تعلیمی سہولیات میسر آ سکیں۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی کی شناخت اور خوبصورتی میں اضافہ کرنے کیلئے مین گیٹ اور متعلقہ تعمیراتی کام بھی 90 ملین روپے کی لاگت سے جاری ہیں،یہ تمام منصوبے اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ حکومتِ پاکستان، خصوصاً وزیراعظم پاکستان کی قیادت میں اعلیٰ تعلیم کو قومی ترقی کی بنیاد سمجھتی ہے اور پسماندہ علاقوں کے تعلیمی اداروں کو جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اور پْرعزم ہے۔

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے یونیورسٹی انتظامیہ، اساتذہ کرام اور طلبا و طالبات کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں علم، ترقی، خود انحصاری اور قومی یکجہتی کے راستے پر ثابت قدم رکھے۔قبل ازیں، وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا بونیر یونیورسٹی پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر، فیکلٹی ممبران اور انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ وائس چانسلر نے وفاقی وزیر کو یونیورسٹی کی تعلیمی،تحقیقی اور ترقیاتی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

وفاقی وزیر نے یونیورسٹی کی کامیابیوں کو سراہا اور تعلیم کے شعبے میں مزید ترقی کیلئے معاونت فراہم کرنے کا یقین دلایا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) ضلع بونیر کے جنرل سیکرٹری شاہ بخت روان خان، وصال خان ضلعی نائب صدر، لیاقت خان صدر پی کے 22، اشتیاق علی یوتھ ونگ صدر، ڈاکٹر سلطان ملک ضلعی نائب صدر، ڈاکٹر حضرت رحمٰن سینئر نائب صدر، ناصر عباس باچا ڈویژنل صدر، سورنگ سندھ سابق ایم پی اے، حاجی سعد رفیق، پی کے 22 کے صدر، عامر خان، صوبائی نائب صدر امین اللہ خان بونیری، سلمان خان، بلال خان اور دیگر بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں