لاہور( رپورٹنگ آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما ملک سیف الملوک کھوکھر کی جانب سے کھوکھر پیلس میں سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی برسی کے سلسلہ میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا ، تقریب میں حلقے سے تعلق رکھنے والے کارکنان سمیت عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔اس موقع پر بچوں نے ہدیہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم پیش کیا ،مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی اور بعد ازاں اجتماعی دعا کی گئی ۔ ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز نے آمریت کے دور میں جمہوریت کا علم بلند رکھنے کے لئے جس طرح تکلیفیں اورصعوبتیں برداشت کیں اس پر پوری قوم انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے ۔ انہوں نے آمریت کے بد ترین دور میں ایک دلیر اور نڈر کا کردار نبھایا اور پارٹی کی قیادت کی ۔ بیگم کلثوم نواز نے مشکل کی ہر گھڑی میں پارٹی قائد نواز شریف کا ہاتھ تھامے رکھا اور ان کے حوصلوں کو تقویت دینے کا باعث بنیں۔ انہوںنے کہا کہ دنیا میں کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں جن کے چلے جانے سے ان کا خلا ء کبھی پر نہیں ہو سکتا۔ ان کی جمہوریت کے لئے لازوال جدوجہد پر انہیں مادر جمہوریت کا خطاب دیا گیا ۔ ۔ان کی جمہوریت اور پارٹی کے لئے خدمات اورجدو جہد کو ہرگز فراموش نہیں کیا جا سکتا ۔
 
		 
                     
				 
				 
				 
				 
				