آصف علی زرداری 27

پاکستان قطر کے ساتھ مزید مضبوط شراکت داری کی تعمیر کیلئے مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے، صدر مملکت

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے تعاون بالخصوص سرمایہ کاری، زراعت، تجارت، توانائی، افرادی قوت کی نقل و حرکت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مزید وسعت دینے کے لیے پر عزم ہے،

دونوں ممالک کئی حوالوں سے ایک دوسرے کے لیے تکمیلی حیثیت رکھتے ہیں اور ہم مزید مضبوط شراکت داری کی تعمیر کے لیے مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ ایوان صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق صدر مملکت نے قطر کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے میں قطر کے قومی دن کے موقع پر امیرِ ریاست قطر عزت مآب شیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور قطر کے برادر عوام کو دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان قریبی اور دیرپا تعلقات قائم ہیں جو مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور اخوت کے مضبوط جذبے پر مبنی ہیں،

قیادت کی سطح پر باقاعدہ روابط اور گہرے عوامی تعلقات کی بدولت ہمارے باہمی روابط مختلف شعبوں میں مسلسل فروغ پا رہے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہم عزت مآب امیرِ قطر کی قیادت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جن کی رہنمائی میں قطر نے ترقی، معاشی تنوع اور انسانی فلاح کے اقدامات میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ علاقائی اور بین الاقوامی امور میں قطر کے تعمیری کردار کو عالمی سطح پر سراہا جاتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ اس موقع پر میں قطری عوام کی مسلسل ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے اپنی مخلصانہ نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان دوستی کا رشتہ یونہی فروغ پاتا رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں