اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہےکہ پاکستان علاقائی تجارت کو فروغ دینے کا حامی ہے، پاکستان چین کے بیلٹ اینڈ روڈ اقدام کا اہم حصہ ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ خلیج تعاون کونسل اور وسطی ایشیا بھی اہم علاقائی راہداریاں ہیں ، اہم معاشی اشاریے بہتری کی عکاسی کررہےہیں اورمعیشت درست سمت میں گامزن ہیں۔
فوربزکو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ گزشتہ 14 ماہ کی مدت میں پاکستان نے کلی معیشت کے شعبےمیں نمایاں پیشرفت کی ہے،اہم معاشی اشاریے بہتری کی عکاسی کررہےہیں اور درست سمت میں گامزن ہیں۔ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں مہنگائی کی شرح کم ہوئی ہے،پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی آئی ہے اور پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہواہے جبکہ کرنسی مستحکم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر عملدرآمد ہو رہا ہے،توانائی سرکاری ملکیتی اداروں کے بہتر انتظام و انصرام ، نجکاری اور سرکاری اخراجات میں کمی کے حوالے سے جامع اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ پائیدار معاشی استحکام اور نمو کے حوالے سے ڈھانچہ جاتی اصلاحات اہمیت کےحامل ہے۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے لئے بہترین ماحول کی فراہمی کے حوالےسے پیشرفت ہوئی ہے۔ ملک میں براہ راست سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔
حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سرمائے پر حاصل منافع کی بروقت منتقلی کے لئے بھی اقدامات کئے ہیں اور اس کے نتیجے میں سرمایہ کاری پر حاصل منافع کی منتقلی میں اضافہ ریکارڈکیاگیا ہے۔ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں مقامی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بھی اضافہ ہواہےاور وہ ملک میں سرمایہ لگارہے ہیں۔ سال 2025 سرمایہ کاری کے حوالے سے اہم سال ثابت ہو گا۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ آئی ٹی ، کان کنی ، زراعت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
حکومت آئی ٹی اور زرعی برآمدات میں اضافے کے لئے جامع اقدامات کررہی ہے تاکہ برآمدات پر مبنی نمو کاہدف حاصل کیاجاسکے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان آئی ٹی کے شعبے میں بھرپور صلاحیتوں کاحامل ملک ہے۔ پاکستان فری لانسر کے حوالےسے دنیاکاتیسرابڑاملک ہے۔ حکومت فری لانسر کو تمام سہولیات کی فراہمی کےلئے اقدامات کررہی ہے تاکہ آئی ٹی کی برآمدات میں نمایاں اضافہ کو یقینی بنایاجاسکے۔
وزیر خزانہ نے کہاکہ تجارت کے فروغ میں بین الاقوامی تجارتی راہداریوں کے ساتھ ساتھ علاقائی راہداریاں کلیدی اہمیت کی حامل ہیں۔ پاکستان تجارت کو فروغ دیناچاہتا ہے۔ پاکستان چین کے بیلٹ اینڈ روڈ اقدام کا اہم حصہ ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ خلیج تعاون کونسل اور وسطی ایشیا بھی اہم علاقائی راہداریاں ہیں ۔ وزیر خزانہ نے کہاکہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔
اس مقصد کے لئے پاکستان موسمیاتی لحاظ سے موزوں مالیات کے لئے سرگرم عمل ہے ۔حال ہی میں ایشیائی ترقیاتی بینک اور عالمی بینک نے پاکستان کے لئے اس ضمن میں معاونت کایقین دلایا ہے۔ پاکستان موسمیاتی مالیات کے تحت آئی ایم ایف کے فنڈز سے بھی استفادہ کرنے کاخواہاں ہے۔