کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان شاہینز کے ڈارون ٹور کا وائٹ بال مرحلہ (آج)اتوار سے شروع ہوگا ۔ پاکستان شاہینز ناردن ٹیریٹری کے خلاف گارڈنز اوول کے مقام پر (آج) اتوار کو پچاس اوورز کا ون ڈے میچ کھیلے گی ۔6اگست کو پاکستان شاہینز بنگلہ دیش اے کے خلاف ڈی ایکس سی ارینہ میں ون ڈے میچ کھیلے گی۔
ان دو میچوں کے بعد پاکستان شاہینز ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 10اگست کو اپنا پہلا میچ پرتھ سکارچرز کے خلاف کھیلے گی۔ پی سی بی کے مطابق ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں حصہ لینے والی دوسری ٹیموں میں ناردرن ٹیریٹری سٹرائیک، بنگلادیش اے، اے سی ٹی کومیٹس، ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز، میلبرن سٹارز، میلبرن رینیگیڈز، اور تسمانیہ شامل ہیں۔
پاکستان شاہینز میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں فاسٹ بولر کاشف علی تھائی کی تکلیف کے سبب باہر ہوگئے ہیں ، طیب طاہر کو محمد ہریرہ کی جگہ سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ہریرہ جنہوں نے بنگلہ دیش اے کے خلاف پہلے چار روزہ میچ میں ڈبل سنچری بنائی تھی وطن واپس آگئے ہیں ، وہ بنگلہ دیش کے خلاف ریڈ بال میچز کیلئے زیر غور ہیں ۔
پاکستان شاہینز سکواڈ میں محمد حارث(کپتان)،عبدالفصیح، عرفات منہاس، عارف یعقوب،فیصل اکرم، حسیب اللہ (وکٹ کیپر)جہانداد خان ، خرم شہزاد (صرف ون ڈے میچوں کیلئے دستیاب)، عرفان خان، عمران جونیئر،مبصر خان، عمیر بن یوسف، صاحبزادہ فرحان ، طیب طاہر اور عثمان خان شامل ہیں ۔
عبدالرحمن ہیڈ کوچ ہیں ۔پاکستان شاہینز کے شیڈول کے مطابق آج اتوارکو بمقابلہ ناردن ٹیریٹری پچاس اوورز، 6اگست بمقابلہ بنگلہ دیش اے پچاس اوورز ،10اگست بمقابلہ پرتھ اسکارچرز ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی، 11اگست بمقابلہ میلبرن اسٹارز ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی ، 13اگست بمقابلہ تسمانی ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی ، 15اگست بمقابلہ میلبرن رینیگیڈز ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی ، 16اگست بمقابلہ بنگلہ دیش اے ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی ، 17اگست بمقابلہ اے سی ٹی کامیٹس ٹاپ اینڈ ٹوئنٹ اور 18اگست کو فائنل میچ ہوگا ۔