کھجور کی برآمدات

پاکستان سے نیپال، سنگاپور اور تھائی لینڈ کوکھجور کی برآمدات میں اضافہ

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان میں کھجور کی160 مختلف اقسام اگائی جاتی ہیں، جن میں خیر پور کی اصیل ، ڈیرہ اسماعیل خان کی ڈھکی اور مکران کی بیگم جنگی اقسام اپنے منفرد ذائقہ اور معیار کے حوالے سے زیادہ پسند کی جاتی ہیں۔

وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی رپورٹ کے مطابق رواں سال ملک میں کھجور کی 5 لاکھ 50 ہزار ٹن پیداوار متوقع ہے۔ کھجور کی مجموعی قومی پیداوار کا 50 فیصد حصہ صرف صوبہ سندھ سے حاصل ہوتا ہے جبکہ دیگر پچاس فیصد پیداوار پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان سے حاصل ہوتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق کھجور اور چھوہارے کی برآمدات میں اضافہ کے لئے نئی منڈیوں کی تلاش کا عمل جاری ہے جس کے تحت نیپال، سنگاپور اور تھائی لینڈ کو کھجور کی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔

ملک میں 160 اقسام کی کھجوریں پیدا کی جاتی ہیں جن میں سے کچھ اقسام اپنے ذائقہ اور معیار کے حوالہ سے منفرد شناخت کی حامل ہیں جنہیں دنیا بھر میں بہت پسند کیاجاتا ہے۔