اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ملائیشیا کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں ، داتو سری انور ابراہیم سے پاک ملائیشیا تعلقات کی مزید مضبوطی پر اتفاق ہوا، پاک ملائیشیا بزنس فورم میں دونوں ممالک کے مابین تجارت کے فروغ پر مثبت پیش رفت ہوئی ، تجارت کے فروغ سے ملکی برآمدات میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے ، پاکستان سے ملائیشیا کو پراسیسڈ گوشت اور چاول کی برآمدات میں اضافہ اور طریقہ کار کو سہل بنایا جائے گا۔
جمعہ کو ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم اپنا تین روزہ دورہ پاکستان مکمل کرکے وطن واپس چلے گئے۔ وزیرِاعظم شہباز شریف، نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ اسحق ڈار اور وزیرِ تجارت جام کمال خان نے ملائیشیاکے وزیرِاعظم داتو سری انور ابراہیم اور ان کے وفد کو نور خان ایئر بیس سے الوداع کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو دہائیوں پر محیط ہیں، داتو سری انور ابراہیم سے پاک ملائیشیا تعلقات کی مزید مضبوطی پر اتفاق ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ملائیشیا کے وزیرِ اعظم علامہ اقبال کے مداح ہیں، جو پاکستان کیلئے فخر کی بات ہے، داتو سری انور ابراہیم کے پاکستانی عوام اور حکومت کیلئے اچھے الفاظ اور نیک خواہشات کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاک ملائیشیا بزنس فورم میں دونوں ممالک کے مابین تجارت کے فروغ پر مثبت پیش رفت ہوئی ہے، پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تجارت کے فروغ سے ملکی برآمدات میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔
وزیرِ اعظم نے کہا ملائیشیا کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ثابت ہوا ہے، دونوں ممالک کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کا تبادلہ ہوا ہے، پاکستان سے ملائیشیا کو پراسیسڈ گوشت اور چاول کی برآمدات میں اضافہ اور طریقہ کار کو سہل بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان انفارمیشن ٹیکنالوجی میں تعاون اور الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری و تجارت میں اضافے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔









