سانگلہ ہل(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر وسابق وفاقی وزیر چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ پاکستان سے افغانیوں کو نکال دینا بھی ترقی اور امن و امان میں کامیابی کی ایک صورت ہے ،افغانیوں نے ہمیشہ دہشت گردی اور امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے میں کردار ادا کیا اور افغانیوں کو پاکستانی شہریت عمران خان کے تین سالہ دور میں کثرت سے دی گئی ۔
میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جو عزت وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کو دی ہے اس کی مثال کسی سابقہ دور میں نہیں پائی جاتی بلکہ یوں کہنا بھی درست ہے کہ عمران خان کے دور حکومت میں امریکہ نے کبھی اس شخص سے بات تک کرنے کی خواہش نہیں کی تھی ۔چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ عمران خان کے دور میں آٹے سے لے کر مثال مصالحہ تک عوام کی پہنچ سے دور ہو گیا تھا اور آج پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور میں پاکستان میں ترقی کی منازل طے کی جا رہی ہیں ،ہر طرف خوشحالی کا دور دورہ ہے جہاں ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد جاری ہے وہیں پر نوجوان نسل کے لئے تعلیم کے ساتھ ساتھ انہیں کاروبار کے مواقع بھی فراہم کئے جا رہے ہیں .
نوجوانوں کو بلا سود قرضے دئیے جا رہے ہیں تاکہ ملک و قوم ترقی کر سکیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کا دور حکومت بھی پاکستان کی تاریخ میں ایک سنہرا باب ہے جب میں وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان تھا تو میرے قائد میاں محمد نواز شریف نے کہا تھا کہ چوہدری محمد برجیس طاہر آپ کو ہماری طرف سے ہر طرح کی معاونت جاری رہے اور آزاد کشمیر کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ہر ممکن کوشش جاری رکھنا اور میں نے آزاد کشمیر جس طرح ترقی و خوشحالی کیلئے کردار ادا کیا آج بھی کشمیر کے عوام میرے معترف ہیں ۔انہوں نے اپنے ڈیرہ پر آئے ہوئے سائلین کے مسائل بھی سنے اور انکے حل کیلئے فوری اقدامات کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔









