راولپنڈی (رپورٹنگ آن لائن) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان ہر قسم کی بین الاقوامی سیاحت، کھیلوں اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے محفوظ ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر )کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے یونان کے سفیر نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں باہمی امور، علاقائی سیکیورٹی اور افغانستان کی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ خطے میں امن اور افغان عوام کے مستحکم اور خوشحال مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم مشترکہ مفاد کے تمام شعبوں میں صحت مند دو طرفہ تبادلے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق یونان کے سفیر نے کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ یونانی سفیر نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار بشمول کامیاب انخلا آپریشن اور خطے کے استحکام کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔









