پاکستان سٹاک مارکیٹ 33

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر تیزی کے بعد شدید مندی

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی کے بعد شدید مندی دیکھنے میں آئی ہے۔

کاروباری ہفتے کے چوتھے روز کاروبار کے آغاز پر سٹاک ایکسچینج میں معمولی سے تیزی دیکھی گئی، جس کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 66 ہزار 382 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

تاہم ٹریڈنگ کے دوران اچانک سے سٹاک ایکسچینج منفی زون میں چلی گئی، 3610 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 61 ہزار 993 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر پہلی بار ہنڈرڈ انڈیکس 14 ہزار 137 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 65 ہزار 811 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔

دوسری جانب ایران امریکا جنگ بندی کے اعلان کے بعد ایشیائی مارکیٹوں میں ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق انڈونیشیا کے جکارتی انڈیکس میں ساڑھے 4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، فلپائن سٹاک مارکیٹ میں بھی 2 فیصد سے زائد تیزی دیکھی گئی، ملائیشیا کے فٹسی برسا انڈیکس میں بھی 0.44 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا۔

اس کے علاوہ جاپان کے نکی انڈیکس میں ایک فیصد مندی ریکارڈ کی گئی ہے۔

خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ چین کے شنگھائی کمپوزٹ انڈیکس میں بھی تقریباً ایک فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی ہے، جبکہ ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ انڈیکس میں بھی 0.35 فیصد مندی ریکارڈ کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں