اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان جدید ترین ٹیکنالوجیز کو اپنانے کے لیے پرعزم ہے، ہواوے جیسے عالمی رہنماؤں کے ساتھ تعاون سے ہمارے نوجوانوں اور معیشت کو فائدہ ہو گا۔
گوادر پرو کے مطابق وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے ہواوے کے نائب صدر برائے ایم ای اینڈ سی اے کلاؤڈ بیری شو سے ملاقات کی جس میں حکومت کی کلاؤڈ فرسٹ پالیسی کے تحت پاکستان کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی ترقی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گوادر پرو کے مطابق بات چیت میں پاکستان کلاؤڈ ریجن کے قیام پر زور دیا گیا تاکہ سرکاری شعبے کی کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے اور ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کو تیز کیا جا سکے۔
اس کے علاوہ وزیر نے پاکستان کے پہلے جی پی یو پر مبنی اے آئی کلاؤڈ کی ترقی کی تجویز پیش کی ، جو بڑے پیمانے پر اے آئی ماڈلز اور ڈیپ لرننگ ایپلی کیشنز کی حمایت کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ گوادر پرو کے مطابق اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے شازہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پاکستان جدید ترین ٹیکنالوجیز کو اپنانے کے لیے پرعزم ہے جو مضبوط ڈیجیٹل معیشت کے ہمارے وژن سے مطابقت رکھتی ہیں۔
ہواوے جیسے عالمی رہنماؤں کے ساتھ تعاون کرکے ہمارا مقصد اپنے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانا، اسٹارٹ اپس کو بااختیار بنانا اور جدت طرازی کو فروغ دینا ہے جس سے ہمارے نوجوانوں اور معیشت کو فائدہ ہو گا۔ گوادر پرو کے مطابق بیری شو نے پاکستان کے آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں ہواوے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے علاقائی آئی ٹی مرکز کے طور پر ملک کی صلاحیتوں کو تسلیم کیا۔
فریقین نے پاکستانی اسٹارٹ اپس کو ہواوے کے جدید وسائل سے فائدہ اٹھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے اسلام آباد میں ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ فورم کے دوران حکمت عملی کو حتمی شکل دینے اور تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔