اسلا م آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان ترقی کر سکتا ہے مگر یہ سلسلہ روکنا ہوگا کہ جب چاہا نظام بدل دیا،دنیا میں جن ممالک نے ترقی کی، انہوں نے ٹیکنالوجی کو اپنایا،ہمارے لیے گلوبل انوویشن انڈیکس کو جانچنا اہم ہے،پاکستان کی ترقی کے ہر شعبے میں بھی انجینئرز کا ہاتھ ہے ،2018 میں کچھ ججز اور جنرلز نے ہماری حکومت ختم کردی،بہت سے منصوبوں کو بریک لگ گیا۔
منگل کوانٹرنیشنل انجینئرز ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ انجینئرنگ کا پروفیشن دنیا کا سب سے پرانا شعبہ ہے، دنیا کے تمام عجوبے انجینئرز نے تیار کیے، قدیم دور سے آج تک ہر ایجاد کے پیچھے انجینئرز کی کوشش رہی،پاکستان کی ترقی کے ہر شعبے میں بھی انجینئرز کا ہاتھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیم، شاہرات، ترقیاتی منصوبے، میزائل اور ایٹمی پروگرام کے پیچھے انجینئرز ہیں،آج ہم نے جہاں کامیابیوں کو دیکھنا ہے، وہیں ناکامیوں پر بھی بات کرنی ہے، کیا وجہ ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں انجینئرز ہونے کے باوجود ملک دنیا کے ساتھ ترقی نہیں کرسکا، دنیا میں جن ممالک نے ترقی کی، انہوں نے ٹیکنالوجی کو اپنایا،ہمارے لیے گلوبل انوویشن انڈیکس کو جانچنا اہم ہے۔
احسن اقبال نے کہاکہ انوویشن میں دنیا بھر میں پاکستان کا نمبر91 ہے،ہمارے پڑوسی اور دوست ممالک اس انڈیکس میں بہت آگے ہیں،اس انڈیکس میں بہتری کی وجہ سے ان ممالک کی معیشت ترقی کررہی ہے، اتنے بہترین ذہن ہونے کے باوجود کیا وجہ ہے کہ ہم انوویشن میں پیچھے ہیں؟،ہمیں انجینئرنگ میں شعبہ تعلیم سے جدت کا آغاز کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ ہارڈ وئیر دینا حکومت کا کام، سافٹویئر بنانا جامعات کا کام ہے.
ایک چھوٹے سے ملک اسرائیل کے سامنے سب مسلم ممالک بے بس ہیں،اسرائیل کی ٹیکنالوجی میں ترقی کی وجہ سے پورا مغرب اس کی جیب میں ہے،اسرائیل جو کرتا پھرے کوئی اس سے پوچھنے والا نہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ ہمارے ڈھائی کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں،ہم نے جب بھی ان مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی حکومت ختم کردی گئی۔ انہوںنے کہاکہ2018 میں کچھ ججز اور جنرلز نے ہماری حکومت ختم کردی،سی پیک بند ہوگیا، بہت سے منصوبوں کو بریک لگ گیا۔
وفاقی وزیرنے کہاکہ یکم اپریل 2022 کو پی ایس ڈی پی کی قسط جاری کرنے کے قابل نہیں تھے،پلاننگ کمیشن نے ہماری حکومت آنے سے قبل ہی قسط جاری کرنے سے انکار کردیا تھا جبکہ عدم اعتماد سے قبل ہی پاکستان ٹیکنیکل ڈیفالٹ کی اسٹیج پر پہنچ چکا تھا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان بھی ترقی کرسکتا ہے لیکن یہ سلسلہ روکنا ہوگا، جب چاہا نظام بدل دیا، یہ ملک کو آگے بڑھنے سے روکتا ہے۔